راجیہ سبھا ایم پی اشوک متل کے ٹھکانوں پر ای ڈی کا چھاپہ، لولی پروفیشنل یونیورسٹی میں بھی تلاشی جاری
اشوک متل لولی پروفیشنل یونیورسٹی چلاتے ہیں، جہاں کچھ مالی بے ضابطگیوں کا پتہ چلا ہے۔ ای ڈی کی ٹیمیں لولی گروپ سے متعلق لولی آٹوز، لولی سویٹس اور لولی ڈسٹنس ایجوکیشن سینٹر کی بھی تلاشی لے رہی ہیں۔

پنجاب سے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے راجیہ سبھا رکن اشوک کمار متل اور ان کے بیٹے کی رہائش گاہ سمیت ان کی یونیورسٹی پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے چھاپہ مارا ہے۔ بدھ کی صبح ای ڈی کی ٹیموں نے ایک ساتھ جالندھر اور پھگواڑہ میں ایم پی کے گھر، اداروں اور کاروباری جگہوں پر چھاپہ مارکر تلاشی لی جارہی ہے۔
خبروں کے مطابق ای ڈی نے ایم پی اور ان کے بیٹے کے ٹھکانوں سمیت 8 سے 9 مقامات پر چھاپے ماری کی ہے۔ اس دوران پنجاب کے گروگرام اور جالندھر میں ای ڈی کی تلاشی جاری ہے۔ اشوک متل لولی پروفیشنل یونیورسٹی (ایل پی یو) چلاتے ہیں، جہاں کچھ مالی بے ضابطگیوں کا پتہ چلا ہے۔ ای ڈی کی طرف سے بدھ کے روز صبح 9 بجے کے قریب شروع ہونے والی چھاپے ماری میں جانچ ایجنسی کی ٹیموں نے کئی مقامات کو گھیرے میں لے لیا۔ متل کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کو تعینات کیا گیا ہے، جب کہ اندر اہلکار دستاویزات اور مالی لین دین کی چھان بین کر رہے ہیں۔
ای ڈی کی ٹیمیں ایل پی یو سمیت لولی گروپ سے متعلق کئی اداروں تک پہنچی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لولی آٹوز، لولی سویٹس اور لولی ڈسٹنس ایجوکیشن سینٹر بھی جانچ کے دائرے ہیں۔ اس کے علاوہ متل خاندان سے وابستہ رہائشی اور کاروباری جگہوں کی بھی تلاشی لی جا رہی ہے۔ ای ڈی کی ٹیمیں ان کے رشتہ داروں کے احاطے میں موجود دستاویزات کی بھی جانچ کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ پوری کارروائی فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کی مبینہ خلاف ورزیوں کے سلسلے میں کی جا رہی ہے۔ ای ڈی کے اہلکار خاص طور پر مالی لین دین اور غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق دستاویزات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ عام آدمی پارٹی نے حال ہی میں ایم پی راگھو چڈھا کو راجیہ سبھا کے ڈپٹی لیڈر کے عہدے سے ہٹا کر اشوک متل کو یہ ذمہ داری سونپی ہے۔ ای ڈی کی یہ کارروائی اس فیصلے کے کچھ ہی دنوں بعد سامنے آئی ہے جس کی وجہ سے یہ سیاسی لحاظ سے بھی اہم سمجھی جارہی ہے۔
ای ڈی کی کارروائی کے دوران پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے اس چھاپے پر تنقید کی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ بی جے پی نے پنجاب انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی اشوک متل کے گھر اور یونیورسٹی پر ای ڈی کے چھاپے... ٹیپیکل مودی اسٹائل... ہم وہ پتے نہیں جو شاخ سے ٹوٹ کرگرجائیں گے۔ آندھیوں کو کہہ دو اپنی اوقات میں رہیں۔
ادھرعام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بھی ’ایکس‘ پوٹس میں لکھا کہ ’’مودی نے پنجاب انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں‘‘لیکن پنجاب کے لوگ اسے برداشت نہیں کریں گے اور بی جے پی کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ وہیں اے اے پی کے راجیہ سبھا ایٹم پی سنجے سنگھ نے کہا کہ جہاں جہاں الیکشن ہوتا ہے، بی جے پی اپنی ایجنسیوں کو پہلے بھیج دیتی ہے۔ پنجاب انتخابات سے پہلے راجیہ سبھا میں اے اے پی کے ڈپٹی لیڈر اشوک متل کے گھر ای ڈی کی چھاپے ماری اسی کی ایک شروعات ہے۔ اس کھیل سے کوئی فائدہ نہیں، پنجاب میں بری طرح ہارے گی بی جے پی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔