بنگال میں ووٹنگ سے قبل ڈی سی پی کی رہائش پر ای ڈی کا چھاپہ، مرکزی ایجنسی کی کارروائی پر سیاسی طوفان کھڑا ہونے کا امکان
حالی ہی میں ای ڈی اور دیگر ایجنسیوں نے ریاست میں کئی ہائی پروفائل معاملات میں کارروائی کی ہے۔ اس سے قبل مبینہ ٹیچر بھرتی گھپلے کے سلسلے میں سابق وزیر پارتھ چٹرجی کے گھر پر بھی چھاپے مارے گئے تھے۔

مغربی بنگال میں جاری انتخابی سرگرمیوں کے درمیان انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کولکاتہ پولیس کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی پی) شانتنو سنہا بسواس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی کی ٹیم اتوار کی صبح تقریباً 7 بجے بالی گنج کے فرن روڈ پر واقع ان کی رہائش گاہ پر پہنچی اور تلاشی مہم شروع کی۔ اطلاعات کے مطابق ڈی سی پی بسواس اس سے پہلے کالی گھاٹ پولیس اسٹیشن کے تھانہ انچارج رہ چکے ہیں جو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھوانی پور اسمبلی حلقہ کے تحت آتا ہے۔
یہ کارروائی جنوبی کولکاتہ کے بالی گنج علاقے میں چل رہے سونا پپو سنڈیکیٹ معاملے سے منسلک بتائی جارہی ہے۔ یہ معاملہ مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں اور منی ٹریل کی تحقیقات سے متعلق ہے۔ ای ڈی کی ٹیم نے اپنی کارروائی کے دوران 3 مختلف مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ ان میں سے دو مقامات شانتنو سنہا بسواس سے جڑے ہوئے ہیں جب کہ اسی دوران ای ڈی نے جنوبی کولکاتہ کے بہالا علاقے میں کاروباری جے جوئے کامدار کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا۔ ذرائع کے مطابق تاجر کے گھر سے اس سے قبل بھی نقدی برآمد کی جاچکی ہے اور تفتیشی ادارے نے انہیں دو بار پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ریاست کی راجدھانی میں غیر قانونی تعمیرات یا سنڈیکیٹ کیس کے سلسلے میں جمعہ کو کئی مقامات کی تلاشی کے بعد سامنے آئی ہے۔ کچھ دن پہلے ای ڈی نے سابق ریاستی وزیر پارتھ چٹرجی کے ٹیچر بھرتی بدعنوانی معاملے میں بھی ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کے علاوہ محکمہ انکم ٹیکس نے حال ہی میں بہیرا کے ممبر اسمبلی اور ترنمول کانگریس کے امیدوار دیباشیش کمار کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا تھا۔
یہ پورا معاملہ جنوبی کولکتہ کے بدنام زمانہ ’سونا پپو سنڈیکیٹ‘ کیس سے جڑا بتایا جاتا ہے۔ تفتیشی ایجنسیوں کو شبہ ہے کہ اس میں غیر قانونی لین دین اور منی ٹریل کا ایک بڑا نیٹ ورک ملوث ہو سکتا ہے۔ اسی سلسلے میں بیک وقت 3 مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے قبل اس طرح کی کارروائی سے سیاسی ماحول مزید گرم ہو گیا ہے۔ اپوزیشن اور حکمران جماعت کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات میں شدت آنے کا امکان ہے۔ ایسے وقت میں ای ڈی کی سرگرمی کو کافی اہم مانا جارہا ہے۔
حالیہ دنوں میں ای ڈی اور دیگر تحقیقاتی ایجنسیوں نے ریاست میں کئی ہائی پروفائل معاملات میں کارروائی کی ہے۔ اس سے قبل مبینہ ٹیچر بھرتی گھپلے کے سلسلے میں سابق وزیر پارتھ چٹرجی کے گھر پر چھاپے مارے گئے تھے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے کئی سیاست دانوں اور تاجروں کے خلاف بھی کارروائی کی ہے۔ فی الحال ای ڈی کی ٹیم ضبط شدہ دستاویزات اور ڈیجیٹل ڈیٹا کی جانچ کر رہی ہے۔ حکام کا خیال ہے کہ اس معاملے میں مزید بڑے انکشافات سامنے آسکتے ہیں۔ آنے والے دنوں میں اس کارروائی کا دائرہ وسیع ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔