مغربی بنگال میں ای ڈی کی بڑی کارروائی، غیر قانونی کال سنٹر معاملے میں سلی گوڑی-ہاوڑہ سمیت 10 مقامات پر چھاپے
فی الحال یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ اس معاملے کا کوئی تعلق انتخابی فنڈ یا سیاست سے ہے یا نہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی ہر زاویے سے اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

مغربی بنگال میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پیر (16 مارچ) کو بڑی کارروئی کی۔ تحقیقاتی ایجنسی کی ٹیموں نے ریاست کے مختلف علاقوں میں چھاپے ماری کی۔ یہ مکمل کارروائی ایک غیر قانونی کال سنٹر چلانے اور لوگوں سے دھوکہ دہی کرنے کے معاملے سے منسلک ہیں۔ اس معاملے میں افسران نے بتایا کہ سلی گوڑی، ہاوڑہ، بدھان نگر اور درگاپور جیسے علاقوں میں تقریباً 10 مقامات پر تلاشی لی گئی۔ ایجنسی کے افسران کا کہنا ہے کہ انہیں منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت اس معاملے سے منسلک کچھ ملزمان کے بارے میں جانکاری ملی تھی، جس کی بنیاد پر ایک ساتھ کئی مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
واضح رہے کہ اس معاملے میں سرشری کر، سمراٹ گھوش اور سبھ جیت چکرورتی کے نام بنیادی طور پر سامنے آئے ہیں۔ ایجنسی ان لوگوں اور ان کے ساتھیوں کے ٹھکانوں پر ضروری ثبوت تلاش رہی ہے۔ ان لوگوں پر الزام ہے کہ انہوں نے کال سنٹر کے ذریعہ بہت سے معصوم لوگوں کو اپنا شکار بنایا اور ان سے بڑی رقم ٹھگی ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ اس معاملے کا کوئی تعلق انتخابی فنڈ یا سیاست سے ہے یا نہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی ہر زاویے سے اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ ای ڈی کے افسران ضبط کیے گئے دستاویزات اور سامانوں کی جانچ کر رہے ہیں، تاکہ اس گروہ کی پوری حقیقت سامنے آ سکے۔
قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال میں یہ چھاپے ماری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ریاست میں انتخابی ماحول پوری طرح گرما چکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اتوار (15 مارچ) کو ریاست میں اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بنگال میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو 2 مرحلوں میں انتخاب ہونا ہے۔ انتخاب کے نتائج کا اعلان 4 مئی کو آسام، کیرالہ، تمل ناڈو اور پڈوچیری کے ساتھ ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔