ای ڈی نے تیجسوی یادو سے زمین کے بدلے نوکری کے معاملے میں تقریباً 8 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی

بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ای ڈی کے دفتر میں عہدیداروں نے ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی صدر لالو پرساد کے بیٹے تیجسوی یادو سے زمین کے عوض ملازمت (لینڈ فار جاب) معاملے میں طویل پوچھ گچھ کی

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو / آئی اے این ایس</p></div>

تیجسوی یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار کی راجدھانی پٹنہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر میں عہدیداروں نے ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی صدر لالو پرساد کے بیٹے تیجسوی یادو سے زمین کے عوض ملازمت (لینڈ فار جاب) معاملے میں طویل پوچھ گچھ کی۔ آئی اے این ایس کے مطابق، تیجسوی یادو منگل کو تقریباً 11 بجے دفتر پہنچے اور شام 7 بجے دفتر سے باہر نکلے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ای ڈی حکام نے تیجسوی سے تقریباً 50 سے 60 سوالات پوچھے۔ اس دوران آر جے ڈی کے کئی لیڈر ای ڈی کے دفتر کے باہر کھڑے رہے۔ اس دوران کارکنوں کی بڑی تعداد بھی دفتر کے باہر موجود تھی۔

آر جے ڈی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ منوج کمار جھا سمیت کئی آر جے ڈی لیڈروں نے مرکزی حکومت پر لالو خاندان اور اپوزیشن کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔ جھا نے کہا کہ کئی ایجنسیاں بی جے پی کے کہنے پر کام کر رہی ہیں۔ ہم پہلے بھی ان ایجنسیوں سے لڑ چکے ہیں اور اس کے بعد بھی فتح یاب ہوئے ہیں۔


پیر کو آر جے ڈی صدر لالو پرساد سے بھی اسی معاملے میں پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ بی جے پی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی نے کہا، ’’ریلوے میں نوکریوں کے بدلے لوگوں کی قیمتی زمینوں کے اندراج کے معاملے میں لالو پرساد اور تیجسوی یادو سے پوچھ گچھ کے دوران ای ڈی پر دباؤ ڈالنے کے لیے حامیوں کی بڑی بھیڑ جمع کی جا رہی تھی۔ افسران کو ڈرانا یہ آر جے ڈی کے مجرمانہ کردار کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس سے نہ تو تفتیش رکے گی اور نہ ہی لالو خاندان کو بری کیا جائے گا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور ریلوے کی نوکری کے بدلے زمین لینے کے ثبوت ملنے کے بعد سی بی آئی نے چارج شیٹ داخل کی اور اسی بنیاد پر ای ڈی گزشتہ سال سے مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔