ای ڈی کی سمیر وانکھیڑے کے خلاف کارروائی، رشوت اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج

شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی ڈرگز کیس میں گرفتاری کے بعد سمیر وانکھیڑے سرخیوں میں چھائے رہے تھے۔ بعد ازاں وہ خود بھی رشوت کے الزام میں پھنس گئے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ممبئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ (10 فروری) کو ممبئی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سابق علاقائی ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ سمیر وانکھیڑے پر منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے ایکٹ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ای ڈی نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرنے کے بعد کچھ افراد کو سمن بھی جاری کیے ہیں، جن سے تفتیشی ایجنسی منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کرنے والی ہے۔

خیال رہے کہ مئی 2023 میں سی بی آئی نے سمیر وانکھیڑے اور چار دیگر کے خلاف آرین خان کو منشیات کے معاملے میں پھنسا کر مبینہ طور پر 25 کروڑ روپے کی رشوت طلب کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ ان تمام لوگوں پر رشوت کی پہلی قسط کے طور پر 50 لاکھ روپے لینے کا الزام تھا۔ ایف آئی آر درج کرنے کے بعد سی بی آئی نے 29 مقامات پر چھاپے مارے۔


سمیر وانکھیڑے نے اس معاملہ میں ہائی کورٹ سے رجوع کر کے سی بی آئی کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر کو منسوخ کرنے اور کسی بھی تعزیری کارروائی سے عبوری تحفظ کا مطالبہ کیا تھا۔ اسی ایف آئی آر کی بنیاد پر ای ڈی نے منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا ہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اس معاملے میں کچھ لوگوں سے پوچھ گچھ بھی کی ہے۔ جن لوگوں کو سمن بھیجا گیا ہے، ان میں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو این سی بی سے وابستہ ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ پرائیویٹ لوگ بھی ملوث ہیں جن سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ جانچ ایجنسی نے ان تمام لوگوں کو پوچھ گچھ میں شامل ہونے کے لیے ممبئی میں ای ڈی کے دفتر بلایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔