دہلی حکومت کی نئی آبکاری پالیسی کے خلاف ای ڈی کی سخت ترین کارروائی، 25 مقامات پر چھاپہ ماری

ای ڈی نے دہلی کے کئی بڑے شراب کاروباریوں کی رہائش گاہ اور دیگر ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی ہے جس سے ایک نئی ہلچل پیدا ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔

ای ڈی آفس، تصویر آئی اے این ایس
ای ڈی آفس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کی کیجریوال حکومت اپنی نئی آبکاری پالیسی کو لے کر لگاتار مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق نئی آبکاری پالیسی کے نفاذ اور عمل درآمد میں گھوٹالہ معاملہ کو لے کر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعہ کے روز ایک بار پھر سخت ترین کارروائی کی ہے۔ ای ڈی نے دہلی آبکاری پالیسی منی لانڈرنگ معاملے میں قومی راجدھانی میں تقریباً 25 مقامات پر چھاپہ ماری کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی نے دہلی کے کئی بڑے شراب کاروباریوں کی رہائش گاہ اور دیگر ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی ہے جس سے ایک نئی ہلچل پیدا ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پٹنہ کے شیوپوری اور پٹیل نگر علاقہ میں بلڈر گبو سنگھ کے احاطہ پر بھی مرکزی ایجنسی کے ذریعہ چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔ گبو سنگھ دراصل جنتا دل یو کے قومی صدر راجیو رنجن (للن) سنگھ کے قریبی ساتھی ہیں۔


بہرحال، اس سے قبل 7 اکتوبر 2022 کو بھی دہلی، پنجاب اور حیدر آباد میں 35 ٹھکانوں پر ای ڈی کی چھاپہ ماری ہوئی تھی۔ علاوہ ازیں 16 ستمبر کو ای ڈی نے دہلی-این سی آر، بنگلورو، حیدر آباد، نیلور اور چنئی سمیت ملک بھر میں تقریباً 40 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی گئی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ ای ڈی کا آبکاری پالیسی سے منسلک منی لانڈرنگ معاملہ سی بی آئی کی ایک ایف آئی آر پر مبنی ہے۔ اس میں دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اور کچھ افسران کو ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ سی بی آئی نے 19 اگست کو اس معاملے میں سسودیا، آئی اے ایس افسران اور دہلی کے سابق آبکاری کمشنر آرو گوپی کرشن کی دہلی واقع رہائش پر چھاپہ ماری کی تھی۔ اس کے علاوہ سات ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں 19 دیگر مقامات پر چھاپہ ماری کی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔