دہلی-این سی آر کی زمین پھر کانپی، جولائی میں تیسری بار محسوس ہوئے زلزلے کے جھٹکے
نیشنل سینٹر آف سسمولاجی کے مطابق منگل کو صبح 6 بجے 3.2 کی شدت کا زلزلہ درج کیا گیا۔ اس کا مرکز ہریانہ کے فرید آباد میں تھا، جس کی گہرائی سطح سے تقریباً 5 کلو میٹر نیچے تھی۔

دہلی-این سی آر میں ایک بار پھر زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ حالانکہ زلزلہ کی شدت زیادہ تیز نہیں تھی جس سے کہیں پر بھی کسی طرح کے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ نیشنل سینٹر آف سسمولاجی کے مطابق منگل کو صبح 6 بجے 3.2 کی شدت کا زلزلہ درج کیا گیا۔ اس کا مرکز ہریانہ کے فرید آباد میں تھا، جس کی گہرائی سطح سے تقریباً 5 کلو میٹر نیچے تھی۔
صبح کے وقت جب لوگ اپنے دن کی شروعات کر رہے تھے، اچانک آئے جھٹکوں نے کئی کنبوں کو چوکس کر دیا۔ فرید آباد کے کئی علاقوں میں لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل کر محفوظ مقامات کی طرف بھاگے۔
دہلی-این سی آر میں اس مہینے پہلے بھی کئی مرتبہ زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جولائی میں دہلی کے اندر تیسری مرتبہ زلزلہ کے جھٹکے محسوس ہوئے۔ اس سے پہلے 10 اور 11 جولائی کو دہلی میں زلزلہ کے جھٹکے آئے تھے۔ 10 جولائی کو اس کی شدت ریختر اسکیل پر 4.4 درج کی گئی تھی جبکہ 11 جولائی کو 3.7 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا۔
راجدھانی دہلی میں بار بار زلزلہ آنے کی سب سے بڑی وجہ جغرافیائی ہے۔ دہلی-این سی آر کا علاقہ ہمالیہ کے نزدیک پڑتا ہے، جہاں پر ہندوستانی اور یوریشین پلیٹیں ٹکراتی ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی کی زمین کے نیچے کچھ فعال فالٹ لائنیں موجود ہیں۔ دہلی-این سی آر کا جو علاقہ ہے وہ ہندوستانی ٹکٹونک پلیٹ اور یوریشین ٹکٹونک پلیٹ کے درمیان سرحد کے پاس واقع ہے۔ جب یہ پلیٹس کھسکتے ہیں یا آپس میں ٹکراتے ہیں تو توانائی نکلتی ہے جو زلزلہ کی وجہ بنتی ہے۔ اس سے دہلی-این سی آر میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے جاتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔