شیئر بازار میں زلزلہ، سینسیکس-نفٹی کی حالت خراب، آئی ٹی اسٹاک بھی ہوئے کریش

شیئر بازار میں کھلبلی کے دوران بدھ کے روز سینسیکس-نفٹی میں اچانک مچے کہرام کے پیچھے کے اسباب پر نظر ڈالیں تو اس میں امریکہ-ایران امن معاہدے کے حوالے سے جاری غیر یقینی صورتحال سب سے اہم ہے۔

شیئر بازار، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے درمیان شیئر بازار میں بدھ کے روز ایک بار پھر بڑی گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ سینسیکس-نفٹی دونوں انڈیکس اپنے سابقہ بند کے مقابلے آج بری طرح پھسل کر کھلے۔ بامبے اسٹاک ایکسچینج کا 30 شیئروں والا سینسیکس دیکھتے ہی دیکھتے 800 پوائنٹس سے زیادہ کا غوطہ لگا گیا، تو وہیں نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی بھی 200 پوائنٹس سے زیادہ کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کر رہا تھا۔ اس دوران آئی ٹی شیئر، جو گزشتہ کاروباری دن کھلبلی مچائے ہوئے تھے، اچانک کریش ہو گئے۔ اس میں ٹی سی ایس سے لے کر انفوسس تک شامل ہیں۔

شیئر بازار میں شروعاتی کاروبار پر نظر ڈالیں تو مثبت عالمی اشاروں کے باوجود ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ کریش ہو گئی۔ بی ایس ای کا سینسیکس اپنے گزشتہ بند 74,649.84 کی سطح سے بری طرح پھسل کر 74,507  پر کھلا اور پھر کچھ ہی منٹوں میں یہ 890 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ  73,759 کی سطح پر کاروبار کرتا نظر آیا۔ این ایس ای نفٹی کی رفتار بھی سینسیکس جیسی ہی رہی۔ یہ 50 شیئروں والا انڈیکس اپنے گزشتہ بند 23,483 کی سطح  سے پھسل کر اچانک 23,244 کی سطح پر کاروبار کرتا ہوا نظر آیا۔


شیئر بازار میں آئی اس بڑی گراوٹ کے درمیان آئی ٹی کمپنیوں کے شیئر دیکھتے ہی دیکھتے کریش ہو گئے۔ بی ایس ای کی لارج کیپ کیٹگری میں شامل ٹی سی ایس شیئر 6.20 فیصد، ٹیک مہندرا شیئر 4.30 فیصد، انفوسس شیئر 3.20 فیصد، ایچ سی ایل ٹیک شیئر 3 فیصد تک بکھر کر کاروبار کر رہے تھے۔ وہیں مڈ کیپ کمپنیوں پر نظر ڈالیں تو پرسسٹنٹ شیئر5 فیصد، ایمفیسس شیئر 3 فیصد، کوفورگ شیئر 2.90 فیصد پھسل کر کاروبار کر رہے تھے۔ خاص بات یہ ہے کہ گزشتہ کاروباری دن ان شیئروں میں طوفانی تیزی دیکھنے کو ملی تھی جس پر اچانک سے بریک لگ گیا۔

شیئر بازار میں بدھ کے روز سینسیکس-نفٹی میں اچانک مچے کہرام کے پیچھے کے اسباب پر نظر ڈالیں تو اس کے پس منظر میں امریکہ-ایران امن معاہدے کے حوالے سے جاری غیر یقینی صورتحال سب سے اہم ہے۔ اس درمیان خام تیل کی قیمتوں میں بھاری اتھل پتھل نظر آ رہا ہے جو گزشتہ روز ٹوٹنے کے بعد اب پھر سے چھلانگ لگاتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ تادم تحریر خام تیل کی قیمت 97 ڈالر فی بیرل کے قریب تھی۔ دوسری طرف غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے جاری لگاتار بکوالی سے بھی ہندوستانی شیئر بازار دباؤ کا شکار ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔