ملک میں پہلے بے موسم بارش اور اب گردابی طوفان کا خطرہ، کئی علاقوں میں الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال کے اوپر بننے والا طوفان اوڈیشہ کے ساحل سے نکل کر 25 اکتوبر کو مغربی بنگال-بنگلہ دیش کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں پہلے تو مانسون کے دوران بارشیں نہیں ہوئیں، اس کے بعد بے موسمی بارشوں نے کسانوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ اور اب گردادبی طوفانی کی صورت میں ایک نئی مصیبت دستک دینے والی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگلے ہفتے خلیج بنگال سے اٹھنے والا سمندری طوفان مغربی بنگال اور بنگلہ دیش کے ساحل سے ٹکرانے والا ہے۔

خلیج بنگال سے اٹھانے والے اس طوفان کے حوالہ سے شمال مشرقی ہندوستان سمیت اوڈیشہ، بنگال، بہار اور جھارکھنڈ میں موسم بدلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز سے اوڈیشہ کے کئی اضلاع میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ گنگا کے میدانی علاقوں میں بھی 24 اور 25 اکتوبر کو شدید بارش کا امکان ہے۔ اگر موسلادھار بارش جاری رہی تو کسانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس بارش کا براہ راست اثر کسانوں کی باقی ماندہ فصلوں پر پڑے گا، جو پہلے ہی غیر موسمی بارشوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔


محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال کے اوپر بننے والا طوفان اوڈیشہ کے ساحل سے نکل کر 25 اکتوبر کو مغربی بنگال-بنگلہ دیش کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ جمعرات کو خلیج بنگال میں کم دباؤ کا علاقہ بن رہا ہے۔ اگلے چار دنوں میں اس کے شدت اختیار کر کے گردابی طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی اور مشرقی وسطی خلیج بنگال میں کم دباؤ کا علاقہ 22 اکتوبر تک گہرے کم دباؤ کے علاقے میں اور 23 اکتوبر تک گردابی طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

یہ گردابی طوفان 23 اکتوبر کے بعد بتدریج شمال شمال مشرق کی طرف بڑھے گا اور 25 اکتوبر کو اوڈیشہ سے بچتے ہوئے مغربی بنگال اور بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکرائے گا۔ محکمہ موسمیات نے ابھی تک طوفان کی شدت اور اس دوران ہواؤں کی رفتار کا اندازہ نہیں لگایا ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق 23 اکتوبر سے اوڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 23 اکتوبر کو کیندرپاڑا اور جگت سنگھ اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے۔ طوفان اس کے علاوہ گنجام، پوری، کھردا، جگت سنگھ پور، بھدرک اور بالاسور اضلاع میں اثر انداز ہو سکتا ہے۔ حالات کے پیش نظر اوڈیشہ حکومت نے 7 ساحلی اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا ہے۔ ماہی گیروں کو 22 اکتوبر سے پہلے سمندر سے واپس آنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */