ایس جے شنکر کا تین روزہ چین کا دورہ، ایس سی او اجلاس میں شرکت متوقع

وزیر خارجہ ایس جے شنکر چین کے تین روزہ دورے پر ایس سی او اجلاس میں شرکت کریں گے، جو گلوان جھڑپ کے بعد پہلا باضابطہ دورہ ہوگا، دو طرفہ تعلقات کی بحالی کا امکان

<div class="paragraphs"><p>ایس جے شنکر / آئی اے این ایس</p></div>

ایس جے شنکر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اتوار سے چین کے تین روزہ دورے پر روانہ رہے ہیں، جہاں وہ تیانجن شہر میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ جون 2020 میں وادی گلوان میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر ہندوستان اور چین کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ آ گیا تھا۔ ان جھڑپوں کے بعد سے یہ وزیر خارجہ جے شنکر کا پہلا باضابطہ چین کا دورہ ہوگا، حالانکہ بین الاقوامی سطح پر وہ اپنے چینی ہم منصب سے کئی بار ملاقات کر چکے ہیں۔

اکتوبر 2024 میں روس کے شہر کازان میں منعقدہ برکس چوٹی اجلاس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان پانچ برس بعد ایک اہم دو طرفہ ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ ہندوستان اور چین کے تعلقات کی بنیاد باہمی اعتماد، احترام اور حساسیت پر ہونی چاہیے۔

اس کے بعد سے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈووال، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور خارجہ سیکریٹری وکرم مسری نے بھی مختلف اہم امور پر بات چیت کے لیے بیجنگ کا دورہ کیا۔


گزشتہ ماہ بیجنگ میں ایس سی او کے رکن ممالک کے قومی سلامتی مشیروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے این ایس اے اجیت ڈووال نے کہا تھا کہ ہندوستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے نامزد دہشت گرد گروپوں جیسے لشکرِ طیبہ، جیشِ محمد، القاعدہ اور آئی ایس آئی ایس سے مسلسل خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے خاص طور پر پاکستان سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کو ہندوستان کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا۔ این ایس اے نے پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے اور اس کے بعد ’آپریشن سندور‘ کے تحت سرحد پار دہشت گردی کے ڈھانچے کو تباہ کرنے کی کارروائی کا ذکر کیا۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف دوہرے معیار کو ترک کیا جائے اور اقوام متحدہ کی جانب سے ممنوعہ تنظیموں اور افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اپنے بیجنگ کے دورے میں اجیت ڈووال نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اب وزیر خارجہ جے شنکر کے دورے کو دونوں ملکوں کے درمیان بگڑتے تعلقات کو معمول پر لانے کی ایک اور کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں ہندوستان علاقائی استحکام اور عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف تعاون پر زور دے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔