کشمیر کی موجودہ صورتحال کے دوران ’دار السلام‘ کی امداد قابل تحسین

’دارالسلام ہیلتھ ہیلپ فاؤنڈیشن‘ ادارہ نے مہلک امراض میں مبتلا مریضوں، مستحق طلبا اور مالی طور پسماندہ افراد کو ہر ممکن مدد دینے کی کوششوں کو تیز کیا ہے تاکہ مستحقین کی بر وقت مدد کو یقینی بنایا جا سکے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سری نگر کے بتہ مالو میں قائم دارالسلام ہیلتھ ہیلپ فاؤنڈیشن نامی ادارہ نے مہلک امراض میں مبتلا مریضوں، مستحق طلبا اور مالی طور پسماندہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوششوں کو تیز کیا ہے تاکہ مستحقین کی بر وقت مدد کو یقینی بنایا جاسکے۔

متذکرہ ادارہ جہاں مہلک امراض میں مبتلا مریضوں کو ضروری ادویات و دیگر سامان جیسے آکسیجن سلینڈر وغیرہ فراہم کرتا ہے اورغریب طلبا کی بھی مالی مدد کرتا ہے وہیں مفلوک الحال کنبوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کی مالی کفالت کے لئے سلائی سینٹروں کا قیام بھی عمل میں لاتا ہے۔


دارالسلام ہیلتھ ہیلپ فاؤنڈیشن کے ایک عہدیدار امتیاز احمد نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے ادارے کے اغراض و مقاصد کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا: 'ہم مہلک بیماریوں میں مبتلا مریضوں اورغریب طلبا کی ہرممکن مدد کرتے ہیں اور مفلوک الحال کنبوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کے لئے ہم نے سلائی سینٹر قائم کئے ہیں تاکہ وہ تربیت حاصل کرکے خود کمائی کرکے اپنے افراد خانہ کی کفالت کرسکیں'۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کی بنیاد سال 2014 میں ڈالی گئی پہلے ہم صرف مستحق طلبا کی مدد کرتے تھے ان کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا انتطام کرتے تھے اور بعد میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہماری خدمات کا دائرہ بھی بتدریج وسیع ہوتا گیا۔ امتیاز احمد نے کہا کہ ادارے میں محمد یوسف گلہ کی سربراہی میں قریب 80 رضاکار بغیر کسی اجرت کے کام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا: 'ہمارے ادارے کا چیرمین محمد یسف گلہ ہیں اور قریب 80 رضاکار بغیر کسی اجرت کے کام کررہے ہیں، ہم خود بھی چندہ کرکے ادارے کو چلاتے ہیں اور لوگ بھی ہماری مدد کرتے ہیں، ہم ادویات، سلائی مشینیں خرید کر لاتے ہیں اور معاشرے کے مستضعفین کی تاحد استطاعت مدد کرتے ہیں'۔


امتیاز احمد نے کہا کہ ہم مستحقین کی موقع پر ہی مدد کرتے ہیں تاکہ انہیں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا: 'ہمارے پاس جوں ہی کوئی مستحق مدد کے لئے آتا ہے تو ہم اس کی بر سر موقع ہی مدد کرتے ہیں تاکہ اس کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس کی بروقت مدد ہوکر اس کو درپیش مشکل حل ہوسکے'۔ امتیاز نے کہا کہ مفلوک الحال کنبوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کی تربیت کے لئے ہم نے سری نگر میں دس سلائی سینٹر قائم کئے ہیں تاکہ وہ ان میں تربیت حاصل کرکے اپنے اہل خانہ کی مالی کفالت کرنے کے لائق بن جائیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مستضعفین و مستحقین کی بلا لحاط مسلک وملت مدد کرنا ہمار منشور ہے اور ہم اپنے اہداف ومقاصد کو عملی جامہ پہنانے کے لئے گزشتہ پانچ برسوں سے برسر جدو جہد ہیں۔ امتیاز نے کہا کہ ہم مستقبل میں ایک کمپیوٹر انسٹی چیوٹ بھی قائم کریں گے جس میں مستحق طلبا مختلف کورسوں کی تربیت حاصل کریں گے۔ انہوں نے لوگوں سے ادارے کی ہر ممکن مدد کرنے اور ادارے مدد حاصل کرنے کی اپیل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔