سبسیڈی کے سبب بڑھ گئی رسوئی گیس سلنڈر کی طلب، ایک دن میں ریکارڈ 11 لاکھ سلنڈر بھرے گئے!

ستمبر ماہ میں اضافی سبسیڈی کا اعلان کیے جانے کے بعد روزانہ اوسطاً 11 لاکھ گیس سلنڈر بھرے گئے، اکتوبر ماہ میں روزانہ گیس سلنڈر بھرے جانے کی اوسط 10.3 لاکھ سلنڈر سے کچھ کم رہی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری کردہ ’اُجولا یوجنا‘ پر کئی طرح کے سوال کھڑے کیے جا رہے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ تو یہ ہے کہ رسوئی گیس کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے غریبوں کے لیے شروع کیے گئے ’اُجولا‘ منصوبہ کا فائدہ انھیں نہیں مل پا رہا۔ کئی گھروں میں تو گیس چولہے کنارے رکھ دیے گئے ہیں اور لکڑی یا کوئلہ پر ہی کھانا پکانے کا کام شروع ہو گیا ہے۔ لیکن ستمبر ماہ میں جب مودی حکومت نے اُجولا منصوبہ سے مستفید ہونے والوں کے لیے اضافی سبسیڈی کا اعلان کیا تو حیرت انگیز طریقے سے گیس سلنڈر کی طلب میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف ریاستوں میں انتخابات کے درمیان مودی حکومت نے جو اضافی سبسیڈی کا اعلان کیا ہے، اس سے اُجولا منصوبہ کو آکسیجن مل گیا ہے۔ رسوئی گیس سلنڈر کی ریفلنگ میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مرکزی کابینہ کے ذریعہ 9.6 کروڑ اُجولا منصوبہ کے تحت آنے والے لوگوں کے لیے 200 روپے فی سلنڈر کی سبسیڈی کو منظوری دینے کے کچھ دنوں بعد ستمبر ماہ میں پہلی بار روزانہ تقریباً 11 لاکھ سلنڈر بھرا گیا۔


قابل ذکر ہے کہ رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت جب 1100 روپے تھی تو اُجولا منصوبہ کے تحت آنے والے لوگوں کو 200 روپے کی چھوٹ ملتی تھی۔ بعد ازاں مرکزی حکومت کے ذریعہ 100 روپے مزید چھوٹ دینے کا اعلان کیا گیا، اور پھر ستمبر ماہ میں مزید 200 روپے کی سبسیڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر اُجولا منصوبہ سے استفادہ کرنے والوں کو 500 روپے کی چھوٹ ملنے لگی اور اس کا سبھی بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

موصولہ خبروں کے مطابق اکتوبر ماہ میں بھی رسوئی گیس سلنڈر کی طلب بہت زیادہ دیکھنے کو ملی۔ گزشتہ ماہ روزانہ اوسطاً 10.3 لاکھ سلنڈر ریفل کیے گئے۔ حکومت کو امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں رسوئی گیس کے استعمال میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ کئی ریاستوں کی حکومتوں نے بھی سبسیڈی کا اعلان کیا ہے۔


ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق اتر پردیش جیسی ریاستوں میں تو رسوئی گیس سلنڈر کی طلب میں اضافہ لازمی ہے، کیونکہ یہاں اُجولا کے تحت آنے والوں کے لیے دیوالی تحفہ کی شکل میں مفت سلنڈر بھرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کی بات کریں تو بی جے پی حکومت خواتین کو 450 روپے میں سلنڈر بھرائے گی۔ کانگریس نے بھی مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں اپنے انتخابی منشور میں 500 روپے فی سلنڈر سبیڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔