لوک سبھا: ’جس طرح ایکلویہ کا انگوٹھا کٹا، یہ حکومت ملک کا انگوٹھا کاٹ رہی‘، راہل گاندھی نے پیش کیں کئی مثالیں
راہل گاندھی نے لوک سبھا میں آئین پر بحث کے دوران کہا کہ جب یہ حکومت ملک کی ملکیت اڈانی کو سونپتی ہے تب اس ملک کے چھوٹے بڑے صنعت کاروں اور کاروباریوں کا انگوٹھا کٹتا ہے۔

راہل گاندھی لوک سبھا میں آئین پر بحث کے دوران، ویڈیو گریب
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے آج ایوان میں آئین پر بحث کے دوران مودی حکومت پر ملک کا ’انگوٹھا‘ کاٹنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کا انگوٹھا کاٹ کر اسے نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے دروناچاریہ اور ایکلویہ کی کہانی بیان کی اور پھر ایسی کئی مثالیں پیش کیں جس میں بتایا کہ حکومت کس طرح نوجوانوں، کسانوں اور چھوٹے صنعت کاروں کا انگوٹھا کاٹ رہی ہے۔
راہل گاندھی نے دروناچاریہ اور ایکلویہ کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایکلویہ جب دروناچاریہ کے پاس گئے تو انھوں نے کہا کہ سالوں سے تیر چلانا سیکھ رہا ہوں۔ آپ میرے استاد بنیے۔ دروناچاریہ نے ایکلویہ سے کہا کہ آپ اعلیٰ ذات سے تعلق نہیں رکھتے ہیں، اس لیے میں آپ کا استاد نہیں بنوں گا۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’کچھ وقت بعد دروناچاریہ اور پانڈو جنگل سے گزر رہے تھے، جہاں ایک کتا بھونک رہا تھا۔ لیکن اچانک کتے کی آواز بند ہو گئی۔ دروناچاریہ اور پانڈو جب آگے بڑھے تو دیکھا کہ کتا تیروں سے گھرا ہوا تھا۔ دروناچاریہ نے (ایکلویہ سے) پوچھا کہ یہ تمھیں کس نے سکھایا؟ ایکلویہ نے جواب میں کہا کہ میں نے آپ کو استاد مان کر مورتی بنائی اور تیر چلانے کا فن سیکھنا شروع کیا۔‘‘
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے دروناچاریہ اور ایکلویہ کی اس کہانی کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’دروناچاریہ اس سے خوش نہیں ہوئے اور انھوں نے ایکلویہ سے ’گرو دکشنا‘ میں انگوٹھا مانگ لیا۔ ایکلویہ نے انھیں اپنا انگوٹھا کاٹ کر دے دیا۔‘‘ پھر وہ کہتے ہیں کہ جس طرح دروناچاریہ نے ایکلویہ کا انگوٹھا کاٹا، اسی طرح یہ حکومت آج ملک کا انگوٹھا کاٹ رہی ہے۔ مثال پیش کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’جب یہ حکومت ملک کی ملکیت اڈانی کو سونپتی ہے، تب اس ملک کے چھوٹے بڑے صنعت کاروں اور کاروباریوں کا انگوٹھا کٹتا ہے۔‘‘
انھوں نے اس تعلق سے مزید مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’جس طرح ایکلویہ نے تیاری کی تھی، ویسے ہی ہندوستان کے نوجوان صبح اٹھ کر الگ الگ امتحانات کی تیاری کرتے ہیں۔ لیکن جب آپ نے اگنی ویر نافذ کیا، تب آپ نے ان نوجوانوں کی انگلی کاٹی۔ جب پیپر لیک ہوتا ہے، تب آپ ہندوستان کے نوجانوں کا انگوٹھا کاٹتے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے تازہ کسان تحریک کو بھی بطور مثال پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج آپ نے دہلی کے باہر کسانوں پر آنسو گیس چلایا ہے۔ کسان آپ سے ایم ایس پی کا مطالبہ کرتے ہیں، لیکن آپ اڈانی-امبانی کو فائدہ پہنچاتے ہیں اور کسانوں کا انگوٹھا کاٹنے کا کام کرتے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔