ڈی آر ڈی او کے برہموس میزائل پروجیکٹ انجینئر کی لکھنؤ میں مشتبہ حالات میں موت، دیوالی پرآئے تھے گھر
آکاش دیپ گپتا مستقل طور سے لکھنو کے رہنے والے تھے اور دہلی میں ڈی آر ڈی او کے برہموس میزائل پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے

اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے عالم باغ واقع اوم نگر کے رہنے والے ڈی آر ڈی او کے انجینئر آکاش گپتا کی مشتبہ حالات میں موت ہو گئی۔ آکاش دہلی میں تعینات تھے اور اس وقت وہ برہموس میزائل کے سسٹم انجینئر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ وہ دیوالی کی چھٹیاں منانے اپنے اہل خانہ سے ملنے آئے تھے۔ منگل کی رات والی بال کھیلنے کے بعد آکاش کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ اہل خانہ انہیں لوک بندھو اسپتال لے کر گئے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
ابتدائی تحقیقات میں اسے ہارٹ اٹیک مانا جا رہا ہے حالانکہ پولیس کو ابھی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے۔ آکاش کی ناگہانی موت سے ان کے اہل خانہ اور ساتھیوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ معلومات کے مطابق آکاش دیپ گپتا مستقل طور سے لکھنؤ کے رہنے والے تھے اور دہلی میں ڈی آر ڈی او کے برہموس میزائل پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔ آکاش گزشتہ 3 سالوں سے دفاعی پروجیکٹ سے وابستہ تھے اور مجموعی طور سے7 سالوں سے برہموس مشن کا حصہ تھے۔
متوفی آکاش کی عمر صرف 30 سال تھی اور ان کی شادی صرف 6 ماہ قبل ہی ہوئی تھی۔ ان کی ناگہانی موت نے ان کے خاندان کا بُرا حال کر دیا ہے۔ آکاش دیپ کی موت کے بعد اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ حالانکہ موت کی کوئی واضح وجہ ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔ جس کے بعد وسرا کو محفوظ کر لیا گیا تھا اور اسے فورنسک جانچ کے لیے بھیجا جائے گا۔ لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔
اہل خانہ نے بتایا کہ آکاش دیپ مکمل طور پر صحت مند رہتے تھے اور انہیں کوئی پرانی بیماری نہیں تھی۔ وہ صرف کھیلنے کے شوقین تھے۔ دوستوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ منگل کو والی بال کھیل کر واپس آئے تھے۔ انہیں صحت سے متعلق کوئی بنیادی پریشانی نہیں تھی۔ ان کی اچانک موت نے سب کو چونکا دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔