امبیڈکر کے مجسمہ کی ناک توڑنے پر دلت برہم

14 اپریل کو امبیڈکر جینتی ہے اور اس موقع پر شر پسند عناصر ملک کے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش میں سرگرم ہو گئے ہیں جس کی مثال گریٹر نوئیڈا میں دیکھنے کو ملی جہاں امبیڈکر کے مجسمہ کی ناک توڑ دی گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسموں کو نقصان پہنچانے کا سلسلہ رُکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق گریٹر نوئیڈا کے بسرکھ کوتوالی حلقہ کے رِچھپال گڑھی گاؤں میں 8 فٹ اونچے امبیڈکر کے مجسمہ کو شرپسند عناصر نے نقصان پہنچایا ہے۔ وائرل تصویروں سے ظاہر ہو رہا ہے کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی ناک اور آنکھوں کو توڑا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ 12 اپریل کی دیر رات کا ہوگا جس کا کسی کو پتہ نہیں چلا اور آج جمعہ کی صبح یہ خبر جنگل میں آگ کی طرح علاقے میں پھیل گئی۔ اس خبر سے دلت طبقہ ناراض ہے اور امبیڈکر جینتی یعنی 14 اپریل سے قبل علاقے کا ماحول خراب کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

امبیڈکر کے مجسمہ کی ناک توڑنے پر  دلت برہم
انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے ٹوٹے مجسمہ کو ڈھک دیا گیا

آج صبح امبیڈکر کےمجسمہ کو نقصان پہنچانے کی خبر ملتے ہی ایس ڈی ایم امت سنگھ پولس دستہ کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے اور پولس انتظامیہ سے کہہ کر مجسمہ کا اوپری حصہ کپڑے سے ڈھک دیا۔ وہاں موجود دلتوں میں پھیلی ناراضگی کو بھی انھوں نے دور کیا اور یقین دہانی کرائی کہ دو گھنٹے میں امبیڈکر کا نیا مجسمہ یہاں لگایا جائے گا۔ اس وعدہ کے بعد امبیڈکر حامیوں کی ناراضگی کچھ کم ہوئی لیکن انھوں نے ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

قابل ذکر ہے کہ ملک میں عظیم ہستیوں کے مجسموں کے ساتھ توڑ پھوڑ کا ایک سلسلہ شروع ہو چکا ہے لیکن ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسموں کو کچھ زیادہ ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں جب بدایوں میں ان کے مجسمہ کو توڑا گیا تھا اور پھر اس کی جگہ ڈاکٹر امبیڈکر کے بھگوا رنگ کے مجسمہ کو لگا دیا گیا تھا جس پر تنازعہ ہوا اور یوگی حکومت کو نشانہ بنایا گیا۔ اگلے دن اس مجسمے کو بی ایس پی لیڈر نے نیلے رنگ سے پینٹ بھی کروا دیا تھا۔ اتنا ہی نہیں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کے ساتھ لگاتار ہو رہی توڑ پھوڑ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے بدایوں واقع گدّی چوک کے پاس پارک میں مجسمہ کو چاروں طرف سے جالی سے گھیر دیا تھا اور سیکورٹی گارڈ بھی وہاں بٹھا دیا تھا۔ بعد میں جب تنازعہ بڑھا تو انتظامیہ نے اس جالی کو کھول دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Apr 2018, 3:37 PM