کورونا: ’یہ نہ سوچو کہ مسجد جانے سے منع کیا گیا، یہ سوچو کہ ہر گھر کو مسجد بنا دیا گیا‘

ہندوستان کے معروف کرکٹر عرفان پٹھان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’’یہ مت سوچو کہ مسجدوں میں جانے سے منع کیا گیا ہے، بلکہ یہ سوچو کہ ہر گھر کو مسجد میں تبدیل کرنے کو کہا گیا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں لاک ڈاؤن کے درمیان سبھی لوگ گھروں میں بند ہیں۔ سبھی مذہبی عبادت گاہوں میں تالا لٹکا ہوا ہے۔ دل بہلانے کے لیے کوئی فلم دیکھ رہا ہے، کوئی ویب سیریز دیکھنے میں محو ہے تو کوئی سوشل میڈیا کی دنیا میں غوطہ زن ہے۔ لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو لاک ڈاؤن پر عمل نہیں کر رہے ہیں اور باہر گھومتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ چند ایک شہروں میں تو مسجدوں میں باجماعت نماز ادا کرنے کی خبریں بھی سامنے آئیں جس کے خلاف مقدمات بھی درج ہوئے۔ حالانکہ کئی علماء و دانشوروں نے باضابطہ تحریری اور ویڈیو پیغامات کے ذریعہ لوگوں سے اپیل کی کہ لوگ گھروں میں نماز ادا کریں اور اسلام میں اس کی اجازت دی گئی ہے۔ اب ہندوستان کے معروف کرکٹر عرفان پٹھان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دلچسپ انداز میں لوگوں سے گھروں میں نماز ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ڈالے گئے ایک ویڈیو میں عرفان پٹھان نے کہا ہے کہ "یہ مت سوچو کہ مسجدوں میں جانے سے منع کیا گیا ہے، بلکہ یہ سوچو کہ ہر گھر کو مسجد میں تبدیل کرنے کو کہا گیا ہے۔" وہ ویڈیو میں مزید کہتے ہیں کہ "ہماری طرح ہمارے گھر بھی گنہگار ہو چکے ہیں، آؤ گھروں کو صاف کرتے ہیں، کچھ دیر گھروں میں ہی نماز پڑھتے ہیں۔"


عرفان پٹھان یوں تو پہلے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لوگوں سے لاک ڈاؤن کے درمیان گھروں پر رہنے کی اپیل کر چکے ہیں، لیکن ان کا تازہ ویڈیو پیغام لوگوں میں کافی پسند کیا جا رہا ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اس ویڈیو کو لائک اور شیئر کر رہے ہیں اور عرفان کے شیدائی گھروں پر نماز پڑھنے کے لیے دلچسپ انداز میں کی گئی ان کی اپیل کی خوب تعریف بھی کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Apr 2020, 12:40 PM