ٹرمپ کا ہندوستان آنے سے انکار، مودی کی ناکام سفارتکاری کا نتیجہ: کانگریس

کانگریس کے رہنما آنند شرما نے کہا، یوم جمہوریہ کی تقریب میں کسی ملک کے سربراہ کو خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کرنے کی لمبی روایت ہے لیکن کسی نے آنے سے انکار کر دیا ہو، ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے یوم جمہوریہ تقریب میں شامل ہونے کے لئے ہندوستان کی دعوت کو نامنظور کرنے کی مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کا نتیجہ بتایا اور کہا کہ اس کی ناکام سفارتکاری کی وجہ سے ملک کو یہ شرمندگی اٹھانی پڑی ہے۔

کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے گزشتہ روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلے کبھی ایسی حالت نہیں آئی ہے۔ یوم جمہوریہ تقریب میں کسی ملک کے سربراہ کو خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کرنے کی لمبی روایت ہے اور ہر سال اس تقریب میں کسی نہ کسی ملک کا سربراہ حصہ لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ملک کے سربراہ کو یوم جمہوریہ تقریب کے مہمان خصوصی بننے کی دعوت بھیجنے سے پہلے سفارتی سطح پر یہ یقین کرلیا جاتا ہے کہ وہ تقریب میں حصہ لے گا۔ یہ یقینی ہونے کے بعد ہی انہیں دعوت بھیجی جاتی ہے لیکن مودی حکومت نے اس صورت حال کو سمجھے بغیر ٹرمپ کو براہ راست دعوت بھیج دی اور اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ملک کو شرمندگی اٹھانی پڑی۔ پوری دنیا میں یہ خبر پھیل گئی کہ امریکی صدر نے ہندوستان کی دعوت کو مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان نے یہ بھی الزام لگایا کہ مودی حکومت کی سفارتکاری سنجیدہ نہیں ہے اور ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اب تک سفارت کاری کو نہیں سمجھ سکے ہیں۔ ان کے لئے سفارت کاری صرف تصویر کشی کا موقع ہے اور اسی لیے پڑوسی ملکوں کے ساتھ کوئی توازن پیدا نہیں کیا جا سکا ہے۔ پڑوسی ملکوں کے ساتھ ہندوستان کے جو تعلقات ہیں وہ تشویشناک ہیں جوکہ ملک کے لئے اچھے نہیں ہیں خاص طور پر پاکستان کے ساتھ جو سفارتی پالیسی ہے وہ تباہ کن ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Oct 2018, 9:48 AM