ڈاکٹر صفی نقوی نے سینٹرل وقف کونسل کے سکریٹری کا عہدہ سنبھالا

سائینس کے شعبے میں اپنی شاندار کارکردگی کے سبب کئی انعامات سے نوازے جا چکے ڈاکٹر صفی نقوی نے گذشتہ روز وزارت اقلیتی امور سے وابستہ سینٹرل وقف کونسل میں سکریٹری کے طور پر چارج سنبھال لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: سائینس کے شعبے میں اپنی شاندار کارکردگی کے سبب کئی انعامات سے نوازے جا چکے ڈاکٹر صفی نقوی نے گذشتہ روز وزارت اقلیتی امور سے وابستہ سنٹرل وقف کونسل میں سکریٹری کے طور پر چارج سنبھال لیا۔ ڈاکٹر صفی اس سے قبل وزارت ارضی سائینسز میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز تھے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر صفی نقوی کا تعلق مغربی اتر پردیش کی انتہائی مردم خیز بستی امروہہ سے ہے۔موصوف میرین جئیو کیمسٹ ہیں اور سمندری سائینس پر ان کا کافی کام ہے۔صفی نقی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے جئیو لوجی میں نمایاں کامیابی کے ساتھ 1986میں ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔سی ایس آئی آر کے ادارے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشینوگرافی (گووا) کے علاوہ لکشدیپ میں بھی انھوں نے اپنے شعبے میں اہم تحقیقی کام کیا جس کا اعتراف 1996میں انھیں نوجوان سیڈیمنٹولوجسٹ کا ایوارڈ دیکر اور 2009میں سر سی وی رمن میموریل جیسا پر وقار سئائینسی ایوارڈ دیکر کیا جا چکا ہے۔

1997میں ڈاکٹر صفی مرکزی حکومت کے شعبۂ فروغ سمندری سائینس سے بطورآفیسر انچارج وابستہ ہوئے اور کئی برس جزیرہ انڈمان نکوبار میں اس شعبے سے متعلق مرکزکے ریکارڈ وقت میں قیام میں اہم خدمات انجام دینے کے بعد 1999میں دہلی میں بطور ڈائریکٹر زمینی سائینسز کی وزارت سے وابستہ ہو گئے۔ جہاں وہ اب تک کئی اہم ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ساتھ مختلف یونیورسٹیوں، اسکولوں وغیرہ کی سائینسی مشاورتی کمیٹیوں کے بھی اعزازی رکن رہے اور اب بھی ہیں۔ اس کے علاوہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے سلسلے میں ڈاکٹر نقوی روس، الجیریا، فرانس، آسٹریا، جرمنی، جنوبی افریقہ، پولینڈ اورانٹارٹیکا کا بھی دورہ کر چکے ہیں۔ موصوف سماجی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔

ڈاکٹر صفی نقوی کے سینٹرل وقف کونسل میں بطور سکریٹری چارج لینے سے ان کے وطن امروہہ سمیت ملک میں اوقاف کی فلاح و بہبود سے دلچسپی رکھنے والے تمام طبقات میں خوشی کا ماحول ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Mar 2019, 7:09 PM