این آر سی کے تحت حراستی مراکز میں جانے سے بچنا ہے تو یہ کام کریں! وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا بیان

ممتا بنرجی نے بدھ کو کہا کہ این آر سی نافذ کرنے کی آڑ میں حراستی مرکز میں بھیجے جانے سے بچنے کے لئے یہ یقینی بنائیں کہ آپ کا نام ووٹر لسٹ میں موجود رہے۔

ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا: سی اے اے کے نفاذ کے حوالہ سے ملک بھر میں جاری ہنگامہ آرائی کے درمیان مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پھر اس معاملہ پر اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے بدھ کو کہا کہ این آر سی نافذ کرنے کی آڑ میں حراستی مرکز میں بھیجے جانے سے بچنے کے لئے یہ یقینی بنائیں کہ آپ کا نام ووٹر لسٹ میں موجود رہے۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ریاستی حکومت کی جانب سے تمام اضلاع کے سرحدی خاندانوں کو زمین کے پٹے (دستاویز) تقسیم کرنے کے لئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب کے دوران انہوں نے 4701 زمین کے دستاویزات سونپے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ یقینی بنائیں کہ آپ کا نام فہرست رائے دہندگان میں شامل ہے، نہیں تو آپ کو این آر سی کے نام پر ڈیٹنشن سینٹر بھیج دیا جائے گا۔ یہ شرم کی بات ہے اور بے حد شرم کی بات ہے۔


ممتا بنرجی نے مرکز پر منریگا کی رقم ادا نہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے بی جے پی کا نام لیے بغیر کہا کہ مرکزی حکومت پارٹی کے اشارے پر کام کر رہی ہے۔ ریلوے اور ہوائی اڈے کے حکام کی طرف سے زبردستی زمین کے حصول کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنگال میں مناسب معاوضہ اور بحالی کے بغیر کسی کو بے دخلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تقریب میں انہوں نے عوام سے احتجاج شروع کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کی زمین زبردستی چھینی گئی تو ریاست آپ کے ساتھ ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔