مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کو لوگ مسترد کریں: غلام نبی آزاد

غلام نبی آزاد نے کہا کہ ہمیں جموں وکشمیر میں بھائی چارے، اخوت اور برادری کو مضبوط کرنے کی خاطر اپنے آپ کو وقف کرنا چاہئے تاکہ ایسے عناصر کے منصوبوں کو خاک میں ملایا جا سکے جو تقسیمی سیاست کر رہے ہیں۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیرغلام نبی آزاد نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کو مسترد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی جیسے اہم مسائل پر سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے بدرواہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ایسے سیاستدانوں کو مسترد کرنا چاہئے جو مذہب کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔ سابق مرکزی وزیر نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کا بھائی چارہ پوری دنیا میں مشہور ہے یہاں کی صدیوں پرانی روایت کے ساتھ کسی کو چھیڑ چھاڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


مسٹر آزاد کا کہنا تھا کہ ہمیں اُن عارضی پہاڑوں کو گرانا ہے جو مذہب کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔ اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں سبھی مذاہب کے ماننے والے لوگ بھائی چارے کی روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

غلام نبی آزاد نے کہا کہ ملک کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بے روزگاری اور مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بے روزگار ، مہنگائی جیسے اہم مسائل پر متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔


آزاد نے بتایا کہ ملک اور کشمیراب پہلے جیسے نہیں رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جموں وکشمیر میں بھائی چارے، اخوت اور برادری کو مضبوط کرنے کی خاطر اپنے آپ کو وقف کرنا چاہئے تاکہ ایسے عناصر کے منصوبوں کو خاک میں ملایا جا سکے جو تقسیمی سیاست کر رہے ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد پچھلے ایک ہفتے سے خط چناب کے دورے پر ہیں اور وہ مختلف علاقوں میں لوگوں سے ملاقی بھی ہو رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔