دہلی میٹرو چلانے سے قبل مسافروں کے لئے ڈی ایم آر سی کی ہدایات، اسٹیشنوں پر تیاریاں

پہلے مرحلے میں سات، نو اور دس ستمبر اور دوسرے مرحلے میں 11ستمبر اور تیسرے مرحلے میں 12 ستمبر سے میٹرو ریل خدمات شروع ہو رہی ہیں۔

تصویر قومی آواز / وپن
تصویر قومی آواز / وپن
user

یو این آئی

نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں سات ستمبر سے شروع ہونے والی میٹرو خدمات کے سلسلے میں دہلی میٹرو ریل کاروپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے جمعرات کو مسافروں کے لئے خصوصی ہدایات جاری کیں اور کورونا انفیکشن کو روکنے کے لئے ان پر عمل کرنا سبھی مسافروں کے لئے لازمی ہوگا۔

پہلے مرحلے میں سات، نو اور دس ستمبر اور دوسرے مرحلے میں 11ستمبر اور تیسرے مرحلے میں 12 ستمبر سے میٹرو ریل خدمات شروع ہو رہی ہیں۔ میٹرو احاطوں کو کووڈ سے پاک رکھنے کے لئے احتیاطی اقدامات کے طور پر شروع میں، ہر میٹرو اسٹیشن میں صرف ایک یا دو طے دروازوں سے مسافروں کو داخل ہونے اور نکلنے کی اجازت ہوگی۔


ڈی ایم آر سی نے کورونا انفیکشن کے درمیان اپنی خدمات شروع کرنے کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی اطلاعات یہاں راجیو چوک پر میڈیا کو دیں۔ اس دوران ایک ٹرین کو ڈسپلے کے طور پر کھڑا کیا گیا تھا اور اس میں مسافروں کو بیٹھنے سے متعلق معلومات دی گئیں۔ مسافروں کو ڈبے کے اندر ایک سیٹ چھوڑ کر بیٹھنا ہوگا اور اگر مسافر کھڑے ہوتے ہیں تو ان کے درمیان کی دوری کم از کم ایک میٹر طے کی گئی ہے۔ میٹرو میں چڑھنے کے لئے مسافروں کی معلومات کے لئے داخلے کے دروازے کے نزدیک گولے بنائے گئے ہیں اور یہ طے شدہ فاصلے کا تعین کرتے ہیں۔ اسٹیشنوں / گاڑیوں میں داخل ہوتے وقت اور پورے سفر کے دوران سبھی مسافروں کے لئے فیس ماسک پہننا / چہرے کو ڈھکنا لازمی ہوگا۔ صحت سے متعلق اپڈیٹ کے لئے مسافروں کے ذریعہ ’آروگیہ سیتو ایپ‘ کا استعمال بھی ضروری ہوگا۔

اسٹیشن کے دروازوں / فرسکنگ ایریا میں سبھی مسافروں کو تھرمل اسکریننگ سے گزرنا ہوگا اور ہاتھوں کو سینیٹائز کرنا ہوگا، 45 اہم اسٹیشنوں پر ’آٹو تھرمل اینڈ ہینڈ سینیٹائزیشن مشینوں‘ کا انتظام کیا گیا ہے۔ باقی میٹروں اسٹیشنوں پر ہینڈ سینیٹائزیشن کے لئے ’آٹو سینیٹائزر ڈسپینسر‘ لگے ہوں گے اور تھرمل اسکریننگ مینوئلی ’تھرمل گن‘ کے ذریعہ کی جائے گی۔ یہ سہولت فرسکنگ / اینٹری پوائنٹ پر ڈی ایم آر سی / سی آئی ایس ایف اہلکاروں کے ذریعہ کی جائے گی۔


جن مسافروں میں بخار یا کووڈ -19 کی علامات ہوں گی، انہیں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہیں نزدیکی میڈیکل سینٹر میں رپورٹ کرنے کو کہا جائے گا۔ لفٹ کی صلاحیت کی بنیاد پر ایک بار میں صرف دو سے تین افراد کو ہی لفٹ کے استعمال کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح سماجی دوری برقرار رکھنے کے لئے ایسکیلیٹر پر مسافر ایک ایک سیڑھی چھوڑ کر کھڑے ہوں گے۔

واضح رہے کہ سات ستمبر کو یلو لائن (سمے پور بادلی سے ہڈا سٹی سینٹر اور ریپڈ میٹرو گروگرام) کو صبح چار گھنٹے (سات بجے سے 11 بجے تک) اور شام کو بھی چار گھنٹے (شام چار بجے سے رات آٹھ بجے تک) چلائی جائے گی۔


اس کے بعد نو ستمبر کو لائن 3/4- بلو لائن، دواریکا سیکٹر 21 سے نوئیڈا الیکٹرانک سٹی، ویشالی اور لائن سات (پنک لائن ) مجلس پارک سے شیو وہار کا آپریشن شروع ہوگا۔ یہ سروس بھی صبح اور شام کو چار چار گھنٹے تک رہے گی۔ اس میں صبح سات بجے سے 11 بجے تک اور شام چار بجے سے رات آٹھ بجے تک میٹرو خدمات مہیا ہوں گی۔

اسی مرحلے میں دس ستمبر کو لائن ایک (ریٹھالا سے شہید استھل) ،لائن پانچ (گرین لائن ) کیرتی نگر- اندر لوک سے بریگیڈیئر ہوشیار سنگھ اور لائن چھ (وائلٹ لائن) کشمیری گیٹ سے راجہ ناہر سنگھ تک چلے گی اور اس کا وقت بھی صبح اور شام کو چار چار گھنٹے کا ہوگا۔ اس میں صبح سات بجے سے 11 بجے تک اور شام چار بجے سے رات آٹھ بجے تک میٹرو خدمات مہیا ہوں گی۔


دوسرے مرحلے میں 11 ستمبر سے میٹرو خدمات شروع ہوں گی اور اس میں میٹرو ٹرین سفر کا وقت چارگھنٹے سے بڑھاکر چھ گھنٹے کر دیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں پہلے مرحلے کی لائنوں کے علاوہ لائن آٹھ (مجینٹا لائن) جنک پوری ویسٹ سے بوٹینیکل گارڈن اور لائن نو (گرے لائن ) دواریکا سے نجف گڑھ کی شروعات ہوگی۔ اس کا وقت صبح سات بجے سے صبح گیارہ بجے اور شام چار بجے سے رات دس بجے تک ہوگا۔

تیسرے مرحلے میں 12 ستمبر سے سبھی لائنوں پر پورے دن میٹرو سرس صبح چھ بجے سے رات گیارہ بجے تک مہیا ہوں گی۔ اس مرحلے میں لائن ایک اور دو کےعلاوہ (ایئرپورٹ ایکسپریس لائن) نئی دہلی سے دواریکا سیکٹر 21 کو چلایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔