’گورکھپور معاملے میں ڈاکٹر کفیل ذمہ دار نہیں‘: رپورٹ

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

گورکھپور: مذہب کی سیاست کرنے میں ماہر اور ہندو-مسلم کارڈ کی روٹی سینکنے والی بی جے پی کی ایک بار پھر اس وقت مٹی پلید ہو گئی جب گورکھپور کے بی آر ڈی کالج میں بچوں کی اموات سے متعلق ضلع مجسٹریٹ نے اپنی جانچ رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں جن افسران یا افراد کو حادثہ کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے اس میں ڈاکٹر کفیل کا کوئی تذکرہ نہیں ہے اور اس میں کوئی حیرانی کی بات بھی نہیں کیونکہ یہ بات اب کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہے کہ انھیں یوگی آدتیہ ناتھ نے ’بلی کا بکرا‘ بنایا ہے۔

ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ پیش کردہ جانچ رپورٹ میں بی آر ڈی کالج کے پرنسپل آر کے مشرا کو اہم ملزم قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ آکسیجن سپلائی بند ہونے میں سب سے زیادہ لاپروائی انہی کی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ مالی بدعنوانی اور کمیشن خوری کا ان سب میں بڑا کردار رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اینستھیسیا شعبہ کے سربراہ اور آکسیجن سپلائی کے انچارج ڈاکٹر ستیش اور آکسیجن سپلائی کرنے والی کمپنی پشما سیلس کو بھی بچوں کی اموات میں ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ ایک طرف جہاں ڈاکٹر ستیش کی ذمہ داری تھی کہ وہ آکسیجن سپلائی کرنے والی کمپنی کی بل ادائیگی کے لیے متعلقہ شعبہ سے رابطہ کرتے اور سرگرمی دکھاتے، وہیں آکسیجن سپلائی کرنے والی کمپنی کو بھی اچانک سپلائی بند نہیں کرنی چاہیے تھی اور بل ادائیگی نہ ہونے پر کوئی دوسرا راستہ اختیار کرنا چاہیے تھا تاکہ ذمہ داران پر دباؤ بنایا جا سکے۔

بہر حال، اس انکوائری سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ ڈاکٹر کفیل پر یوگی نے کارروائی صرف اس لیے کی کیونکہ وہ اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھتے تھے۔ اس وقت چھٹی پر چل رہے ڈاکٹر کفیل کے ساتھ ایک سال سے کام کر رہی سسٹر انچارج رجنی کی یہ بات بھی ان کو بے قصور ٹھہراتی ہے کہ ’’ڈاکٹر کفیل پر جو بھی الزامات عائد کیے جا رہے ہیں وہ لغو ہیں۔ ڈاکٹر کفیل پہلے جہاں کام کرتے تھے وہاں جا کر آپ پوچھیے تو پتہ چلے گا کہ وہ ضرورت پڑنے پر اپنا خون بھی مریضوں کو دے دیا کرتے تھے۔‘‘ گورکھپور کے معروف صحافی منوج سنگھ نےتو واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ’’ڈاکٹر کفیل کا اس پورےسانحہ سے کوئی لینا دینا ہی نہیں تھا،بلکہ جب بھی کالج میں کسی چیز کی کمی ہوئی یا کوئی مسئلہ پیدا ہوا تو انھوں نے باضابطہ خط لکھ کر انتظامیہ کو مطلع کیا۔ یوگی حکومت نے ان پر کارروائی صرف اس لیے کی ہے تاکہ ان کی شبیہ خراب کی جا سکے۔‘‘ انھوں نے مزیدکہا کہ ’’یوگی حکومت نے خود کو بچانے کے لیے پوری ذمہ داری بی آر ڈی کالج کے اوپر ڈالنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے جب کہ رقم ادائیگی کاتعلق ریاستی حکومت سے ہے۔بی جے پی اپنا قصور دوسرے کے سر ڈال رہی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Aug 2017, 1:51 PM