دیوالی کے موقع پر آتش بازی کے دوران حادثے، حیدرآباد میں 41 افراد جھلسے، 24 افراد کی آنکھیں متاثر

شہر حیدرآباد میں دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے کے دوران پیش آنے والے حادثات میں 40 سے زیادہ افراد جھلس گئے۔ وہیں، انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 24 لوگوں کی آنکھیں متاثر ہوئی ہیں

دیوالی پر آتش بازی / Getty Images
دیوالی پر آتش بازی / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: ملک بھر میں گزشتہ روز ہندوؤں کا اہم تہوار دیوالی منایا گیا۔ اس دوران کئی شہروں میں پابندی کے باوجود آتش بازی کی گئی اور جم کر تیز آواز والے پٹاخے بھی پھوڑے گئے۔ کئی مقامات پر حادثے بھی پیش آئے جن میں لوگ متاثر ہوئے۔ یو این آئی اردو کے مطابق شہر حیدرآباد میں دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے کے دوران پیش آنے والے حادثات میں 40 سے زیادہ افراد جھلس گئے۔ وہیں، انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 24 لوگوں کی آنکھیں متاثر ہوئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق تمام متاثرین کو علاج کے لئے لے جایا گیا جن کی تعداد 41 بتائی جاتی ہے، جبکہ 19مریضوں کو اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ زیادہ تر متاثرین بشمول بچوں کو حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے سروجنی دیوی آئی اسپتال مہدی پٹنم میں لے جایا گیا۔


سول سرجن ڈاکٹر نجمہ بیگم نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر ہمارے یہاں 10 مریضوں کو لایا گیا، جن میں سے 4 افراد تشویشناک حالت میں ہیں۔ ان میں ایک بچہ اپنی آنکھ سے محروم ہو گیا اور دیگر 3 کی سرجری کی جائے گی۔ تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ نے حال ی میں دیوالی کے موقع پر ممنوعہ پٹاخوں کی فروخت کے خلاف کارروائی کی تھی۔

اس سلسلہ میں بورڈ کی مخصوص ٹیموں تشکیل دی گئی تھیں جو بورڈ کے احکام پر عمل کے لئے سرگرم تھیں۔ تاہم، لوگوں نے جم کر آتش بازی کرتے ہوئیے تمام احکامات کی خلاف ورزی کی۔ حیدرآباد کے کئی شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پٹاخوں کے جلانے کے نتیجہ میں بڑے پیمانہ پر دھواں فضا میں پھیل گیا جس سے ضعیف افراد کو سانس لینے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔