’بدعنوانی کا گندہ پانی، گھوٹالوں کا کھول رہا ہے پول‘، پریاگ راج میں آبی جماؤ پر اکھلیش یادو کا بی جے پی پر طنز

اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’پریاگ راج میں 20 ہزار کروڑ خرچ کرنے کے بعد یہاں کے لوگوں کو آبی جماؤ کے علاوہ اور کیا حاصل ہوا؟ بدعنوانی کے گہرے گڈھوں میں بھرا پانی بی جے پی کے گھوٹالوں کا پول کھول رہا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>اکھلیش یادو (فائل)/ سوشل میڈیا</p></div>

اکھلیش یادو (فائل)/ سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

سماجوادی پارٹی کے قومی  صدر اکھلیش یادو نے اترپردیش میں بارش کے دوران ہو رہے آبی جماؤ کی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کر بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے گہرے گڈھوں میں بھرا پانی بی جے پی کے گھوٹالوں اور دھوکہ دہی کو بے نقاب کر رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ’’پریاگ راج میں 20 ہزار کروڑ خرچ کرنے کے بعد یہاں کے لوگوں کو آبی جماؤ کے علاوہ اور کیا حاصل ہوا؟ بدعنوانی کے گہرے گڈھوں میں بھرا پانی بی جے پی کے گھوٹالوں کا پول کھول رہا ہے۔ اسمارٹ سٹی کے تصور پر پانی پھیرنے والے بی جے پی والے اپنی اپنی کشتی لے کر کہاں غائب ہو گئے ہیں۔‘‘

واضح ہو کہ ان دنوں اترپردیش میں بارش کی وجہ سے آبی جماؤ کا بہت زیادہ مسئلہ ہو رہا ہے۔ اسے لے کر اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو حکومت کو گھیرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے گورکھپور پھر آگرہ میں آبی جماؤ پر بھی حکومت پر طنز کسا تھا۔ آبی جماؤ کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ کے آفیشیل اکاؤنٹ سے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’یہ بھی گورکھپور نہیں ہے، یہ ہے ہندوستان کی سیاحتی راجدھانی آگرہ۔ یہ تالاب نہیں، سڑک پر آبی جماؤ ہے۔‘‘


اس سے قبل انہوں نے بی جے پی حکومت کو تعلیم، نوکری اور روزگار جیسے مسئلوں پر ہدف تنقید بنایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’بی جے پی حکومت کے ایجنڈے میں تعلیم، نوکری اور روزگار نہیں ہے۔ بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے۔ طلبا اور اساتذہ سڑکوں پر احتجاج کرنے کو مجبور ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نوجوانوں کا حال اور مستقبل دونوں برباد کرنے کی مجرم ہے۔ اس حکومت نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ نوجوانوں سے ہر سال 2 کروڑ نوکری اور روزگار کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس کا وعدہ جھوٹا رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔