ڈووال بی جے پی کی میٹنگ میں کیوں شامل ہوئے؟

کمیونسٹ پارٹی نے کہا ہے کہ ’یہ حیران کر دینے والی خبر ہے کہ این ایس اے اجیت ڈووال نے تریپورا میں چناؤ کے پیش نظر وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی رہائش گاہ پر ہوئی میٹنگ میں شرکت کی۔

بشکریہ سوشل میدیا
بشکریہ سوشل میدیا
user

قومی آوازبیورو

سی پی ایم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’میڈیا میں خبریں ہیں کہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی رہائش گاہ پر تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں ہونے والے چناؤ کے پیش نظر بی جے جی پی اور آر ایس ایس کا اجلاس منعقد ہوا اور اس میں اجیت ڈووال بھی شامل تھے۔ اگر یہ خبر صحیح ہے تو یہ ضوابط کی سنگین خلاف ورزی اور عہدے کا انتہائی غلط استعمال ہے۔‘‘

سی پی ایم کا کہنا ہے کہ ’’کیسےقومی سلامتی مشیر جیسا ایک اعلیٰ افسر بی جے پی کی چناوی مہم کی میٹنگ میں حصہ لے سکتا ہے؟ وزیر داخلہ کو اس پر فوری صفائی پیش کرنی چاہئے۔‘‘

اگرتلا میں سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری بجان دھر نے کہا کہ راجناتھ سنگھ نے بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو اور آر ایس ایس کے بڑے رہنما کرشن گوپال سمیت دیگر کے ساتھ میٹنگ کی۔ انہوں نے چیف الیکشن آفیسر اے کے جوتی کو لکھے خط میں کہا کہ ڈووال بھی اس میٹنگ میں شامل تھے۔

سی پی ایم کی مرکزی کمیٹی کے رکن دھر نے کہا کہ این ایس اے جیسا نہایت اہمیت کا حامل عہدہ سنبھال رہے شخص کا بی جے پی کی میٹنگ میں شامل رہنا نہ صرف غیر ضروری اور قابل اعتراض ہے بلکہ برسر اقتدار بی جے پی کی طرف سے انتظامیہ کے غلط استعمال کی بھی مثال ہے۔

مودی حکومت کے سب سے طاقتور بیوروکریٹ سمجھے جانے والے اجیت ڈووال کو وزیر اعظم نریندر مودی نے مئی 2014 میں اقتدار سنبھالتے ہی قومی سلامتی کا مشیر مقرر کر دیا تھا۔ اجیت ڈووال براہ راست وزیر اعظم کو رپورٹ کرتے ہیں۔ اجیت ڈووال ان چند لوگوں میں سے ہیں جن کی بات وزیر اعظم مودی سنتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Jan 2018, 9:49 AM