بی جے پی کی ویب سائٹ پر نظرآیا چوری کا ڈیزائن، ٹمپلیٹ بنانے والی کمپنی حیران

آندھرا پردیش کی ایک ویب ڈیزائننگ کمپنی نے بی جے پی پر اس کا ٹمپلیٹ چوری کر اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے ٹمپلیٹ کا بیک لِنک بھی ہٹا دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی کی آفیشیل ویب سائٹ گزشتہ تقریباً تین ہفتے سے بند تھی۔ ماہرین اور عام لوگوں کی رائے تھی کہ بی جے پی کی ویب سائٹ ہیک ہو چکی ہے اور تمام کوششوں کے بعد بھی ویب سائٹ پر دستیاب ڈاٹا واپس حاصل نہیں کیا جا سکا۔ ابھی حال ہی میں بی جے پی نے اپنی ویب سائٹ دوبارہ شروع کی لیکن اس پر ایک معمولی سا ٹمپلیٹ ہے جس کے بینر میں پی ایم مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ کی تصویر کے علاوہ صرف لوک سبھا امیدواروں کے ناموں کی فہرست ہے۔

اب W3Layouts نام کی آندھرا پردیش کے نیلور واقع ایک ویب ڈیزائن کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ٹمپلیٹ اس کے ذریعہ تیار کیا گیا ہے اور بی جے پی نے اسے بغیر اجازت نہ صرف استعمال کیا بلکہ ٹمپلیٹ میں دیا گیا بیک لنک بھی ہٹا دیا ہے جس سے اس ڈیزائن کو تیار کرنے کا پتہ چلتا ہے۔ کمپنی نے اس بارے میں بی جے پی کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئٹ بھی کیا تھا کہ ’’اپنی آئی ٹی سیل سے کہیے کہ اس ٹمپلیٹ کے بارے میں ہم سے رابطہ کریں۔‘‘

اس کے بعد بھی کمپنی نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ کہا کہ ’’ہم صرف ایک شکریہ چاہتے تھے اور بدلے میں آپ کو پورا ٹمپلیٹ اور اس پر لگا بیک لنک ہٹانے کی اجازت دے دیتے۔ لیکن آپ نے تو ہمارے اس خوبصورت ٹمپلیٹ سے کوڈ ہٹا کر اسے برباد کر دیا۔‘‘

W3Layouts کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے اس ٹمپلیٹ کے کوڈ میں سے اس کا نام بھی ہٹا دیا ہے۔ W3Layouts نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بلاگ پوسٹ کیا ہے اور بی جے پی پر ٹمپلیٹ چوری کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کمپنی نے لکھا ہے کہ ’’جب ہم نے بی جے پی کی آفیشیل ویب سائٹ پر اپنا ٹمپلیٹ دیکھا تو شروع میں ہمیں خوشی ہوئی کہ ملک کی ایک بڑی سیاسی پارٹی ہمارا ڈیزائن استعمال کر رہی ہے۔ لیکن ہم اس بات سے بے حد ناراض ہیں کہ بی جے پی نے ہمیں کریڈٹ دیئے بغیر ہی بیک لنک ہٹا دیا۔‘‘

بلاگ میں آگے لکھا ہے کہ ’’بیک لنک ہٹائے جانے کے بعد صاف ہو گیا ہے کہ بی جے پی اب بھی ہمارا لے آؤٹ کوڈ استعمال کر رہی ہے کیونکہ یہ پیج کے سورس کوڈ میں موجود ہے۔‘‘ کمپنی نے کہا ہے کہ ’’اگر وہ ہم سے اس ڈیزائن کے بارے میں بات کرتے تو ہم انھیں یہ ٹمپلیٹ دے دیتے، لیکن ہمیں اس بات پر حیرانی ہے کہ ایسی پارٹی جس کے مکھیا خود کو چوکیدار بتاتے ہیں، اس نے ہماری خون پسینے کی محنت کو چرایا۔ اتنا ہی نہیں، ہمارے دعوے کو بھی غلط ثابت کرنے کی کوشش کی۔‘‘

کمپنی نے ایک دیگر بلاگ میں کہا کہ کس طرح اس کے قبل کی پوسٹ کو تشہیر پانے کا ہتھکنڈا ثابت کرنے کی کوشش کی گئی۔ بی جے پی ویب سائٹ پر استعمال ہوئے ٹمپلیٹ چوری کا ہونے کی بات سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس کی تنقید شروع ہو گئی۔ اتھیکل ہیکر ایلیٹ ایلڈرسن نے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی نے W3Layouts کا ٹمپلیٹ استعمال کیا اور اسے چوری اور نقل کرتے ہوئے اسے اس کا کریڈٹ بھی نہیں دیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Mar 2019, 2:09 PM