بہار کے انتخابی نتائج پر ادھو ٹھاکرے کا طنز- ’کیا تیجسوی کی ریلیوں میں اے آئی سے بھیڑ اکٹھی ہوئی تھی؟‘
ادھو ٹھاکرے نے این ڈی اے کی جیت پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’آخر اس جیت کا راز کیا ہے؟ ویسے جو جیتا وہی سکندر کہلاتا ہے، لیکن اس جیت کا راز اب تک کوئی سمجھ نہیں پایا ہے۔‘‘
بہار میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی جیت پر شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کا پہلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے این ڈی اے کی جیت پر طنز کستے ہوئے کہا کہ آخر اس جیت کا راز کیا ہے؟ ویسے جو جیتا وہی سکندر کہلاتا ہے، لیکن اس جیت کا راز اب تک کوئی سمجھ نہیں پایا ہے۔ کئی بار سمجھانے کی کوشش کی گئی، اس کے بعد بھی این ڈی اے کی اس جیت پر ایک طرح سے سوال کھڑے ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ بہار میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کی ریلیوں میں لوگوں کی بھاری بھیڑ نظر آتی تھی۔ لیکن بہار اسمبلی انتخاب کے نتائج بالکل اس کے برعکس رہے۔ ایسے میں سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا تیجسوی یادو کی ریلیوں میں آنے والے لوگوں کی بھیڑ واقعی ’اے آئی‘ سے بنائی گئی تھی؟ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہاں لوگ روزانہ مشکلوں کا سامنا کرتے ہیں، لیکن اتنی جلدی اپنا ارادہ نہیں بدل سکتے ہیں۔
شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم صرف بہار میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں الیکشن کمیشن سے سوال کر رہے ہیں۔ ان کے طریقۂ کار پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ اس حوالے سے مرکزی حکومت سے بھی مسلسل سوال پوچھے جا رہے ہیں۔ ہم نے حال ہی میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے، الیکشن کمیشن کے افسران کے سامنے اپنا احتجاج بھی درج کرایا، لیکن اب تک ہمیں کوئی جواب نہیں ملا ہے۔ کیا اس عمل کو جمہوری تصور کیا جانا چاہیے؟
ادھو ٹھاکرے کے مطابق بہار اسمبلی انتخاب کے دوران این ڈی اے کی ریلیوں میں کرسیاں خالی رہیں، پھر بھی انہوں نے حکومت بنا لی۔ یہ واقعی سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 10 ہزار روپے دینا ایک بات ہے، اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا ہے۔ عوام اتنی آسانی سے اپنا ارادہ نہیں بدلتی ہے۔ مہاراشٹر میں بھی بڑے پیمانے پر ووٹنگ کے بعد انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ سب سوچی سمجھی سازش کے تحت ہوا تھا۔ بہار میں اسی طرح کا کھیل کھیلا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔