آئی اے ایس دھرمیندر کمار ہوں گے دہلی کے نئے چیف سکریٹری، یکم ستمبر سے سنبھالیں گے ذمہ داری

1989 بیچ کے آئی اے ایس افسر دھرمندر 1987 بیچ کے آئی اے ایس افسر نریش کمار کی جگہ لیں گے جن کی توسیع شدہ مدت کار ہفتہ کو ختم ہو رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آوازبیورو

دہلی کے نئے چیف سکریٹری کی تلاش پوری ہو گئی ہے۔ مرکزی حکومت نے 1989 بیچ کے آئی اے ایس افسر دھرمندر کمار کو راجدھانی دہلی کا نیا چیف سکریٹری مقرر کر دیا ہے۔ وہ 1987 بیچ کے آئی اے ایس افسر نریش کمار کی جگہ لیں گے جن کی توسیع شدہ مدت کار 31 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔ دھرمندر ابھی اروناچل پردیش کے چیف سکریٹری ہیں۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جمعہ کو جاری سرکاری تقرری حکم میں 1989 بیچ کے اے جی ایم یو ٹی کیڈر کے سینئر آئی اے ایس افسر دھرمندر کمار کو دہلی حکومت کا چیف سکریٹری بنایا گیا ہے۔ حکم میں لکھا ہے کہ حال میں اروناچل پردیش کے چیف سکریٹری کے عہدے پر تعینات دھرمندر یکم ستمبر یا عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے، جو بھی بعد میں ہو، نیا عہدہ سنبھالیں گے۔ واضح ہو کہ موجودہ چیف سکریٹری نریش کمار، جن کی مدت کار مرکزی حکومت دو مرتبہ بڑھا چکی تھی، 31 اگست کو پوری ہو رہی ہے۔


غور طلب رہے کہ دہلی میں نئے چیف سکریٹری کے نام کے سلسلے میں پہلے الجھن بنی ہوئی تھی۔ جمعہ کو پورے دن سیاسی گلیاروں کے ساتھ افسران کے درمیان اس عہدے کے لیے الگ الگ ناموں کو لے کر بات چیت چلتی رہی۔ حالانکہ کچھ لوگوں نے امکان ظاہر کیا تھا کہ موجودہ چیف سکریٹری نریش کمار کی مدت کار میں تیسری مرتبہ بھی توسیع کی جاسکتی ہے لیکن زیادہ تر لوگوں کی سوچ تھی کہ اس بار 1989 بیچ کے افسر دھرمندر کمار کا نام چیف سکریٹری کی دوڑ میں سب سے آگے ہے، جو صحیح ثابت ہوا۔

دھرمندر کمار 1989 بیچ کے اے جی ایم یو ٹی کیڈر کے سینئر آئی اے ایس افسر ہیں، اس سے پہلے دھرمندر کو 2022 میں اروناچل پردیش کا چیف سکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔ دھرمندر نے سول انجینئرنگ میں بی.ٹیک کیا ہے۔ انہوں نے اس سے پہلے کئی بڑی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ دھرمندر اس سے قبل نئی دہلی میونسپل کونسل کے چیئرپرسن بھی رہ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔