’دھان کی روپائی، منجی پر روٹی، کسان ہیں ہندوستان کی طاقت‘، راہل گاندھی نے شیئر کی خوبصورت ویڈیو

راہل گاندھی نے کہا ’’کسانوں کا ہندوستان کو جوڑنے میں اہم تعاون ہے۔ ان کا پیدا کیا ہوا اناج ملک کی ہر تھالی کا حصہ ہے، مگر ان کی اس تپسیا کو مناسب پھل اور عزت نہیں ملتی‘‘

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: راہل گاندھی نے حال ہی میں ہریانہ کے گوہانہ کے مدینہ گاؤں میں چند کسانوں سے ملاقت کر کے ان کے حالات پر گفتگو کی تھی۔ انہوں نے اب اس ملاقات کی ایک خوبصورت ویڈیو شیئر کی ہے۔ ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا ’’کسانوں کا ہندوستان کو جوڑنے میں اہم تعاون ہے۔ ان کا پیدا کیا ہوا اناج ملک کی ہر تھالی کا حصہ ہے، مگر ان کی اس تپسیا کو مناسب پھل اور عزت نہیں ملتی،‘‘

راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا ’’بھارت جوڑو یاترا اپنے اگلے مرحلے میں سونی پت، ہریانہ کے کھیتوں میں رکی۔ میری ملاقات دو کسان بھائیوں، سنجے ملک اور تسبیر کمار سے ہوئی۔ وہ بچپن کے بہترین دوست ہیں، جو کئی سالوں سے اکٹھے کھیتی باڑی کر رہے ہیں۔ جہاں سنجے نے حکومت سے زمین لیز پر لی ہے، وہیں تسبیر ان کے ساتھ 25 فیصد کنٹریکٹ پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکاری میں ہر پانچ سال میں سے تین سال میں موسم کی وجہ سے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایسی صورت حال میں انہیں حکومت کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔‘‘


انہوں نے مزید کہا ’’مرد، عورتیں، بچے، سبھی کھیتوں میں موجود تھے اور یہ دھان کی پیوند کاری کا خاص دن تھا۔ ان کے ساتھ مل کر میں نے کھیتوں میں مدد کی، ٹریکٹر چلایا، دھان بویا، دل کھول کر بہت سی باتیں کیں۔ خواتین نے گھر کی روٹیاں کھلائیں اور اپنی زندگی کی باتیں کیں۔ ان میں سے کسی نے آج تک دہلی نہیں دیکھی تھی۔ انہوں نے دہلی دیکھنے کی خواہش ظاہر کی اور مجھے سب کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملا۔‘‘

ہندوستان کے کسان سادہ، سچے اور سمجھدار ہیں، وہ اپنے حقوق کو بھی پہچانتے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر وہ کالے قوانین کے خلاف ڈٹ جاتے ہیں اور ایم ایس پی اور انشورنس کا صحیح مطالبہ بھی اٹھاتے ہیں۔ اگر ہم ان کی بات سنیں، ان کے نقطہ نظر کو سمجھیں تو ملک کے بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ یوٹیوب پر ہندوستان کے محنتی کسانوں کے ساتھ میری گفتگو کی مکمل ویڈیو دیکھیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔