ڈی جی سی اے نے ’الکیمسٹ ایویشن‘ کا تربیتی پرواز لائسنس معطل کر دیا، جمشید پور حادثہ کے بعد ہوئی سخت کارروائی

ڈی جی سی اے کا کہنا ہے کہ الکیمسٹ ایویشن کو خامیاں دور کرنے اور اصول و ضوابط پر عمل کرنے سے متعلق لازمی اصلاح سے گزرنا ہوگا۔

ڈی جی سی اے، تصویر آئی اے این ایس
ڈی جی سی اے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

حال ہی میں ’الکیمسٹ ایویشن پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کا ایک تربیتی طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں طیارہ میں سوار ٹرینی پائلٹ اور پائلٹ کی جان چلی گئی تھی۔ اب اس ہوابازی کمپنی کے خلاف ڈی جی سی اے (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایویشن) نے سخت کارروائی کی ہے۔ الکیمسٹ ایویشن کا تربیتی پرواز لائسنس رد کر دیا گیا ہے، اور یہ فیصلہ کمپنی کے خصوصی سیکورٹی آڈٹ کے بعد لیا گیا۔

ڈی جی سی اے کا کہنا ہے کہ آڈٹ کے دوران کئی سنگین خامیاں نظر آئیں، جس کے بعد ڈی جی سی اے نے کمپنی کا تربیتی پرواز لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ لیا۔ ڈی جی سی اے کے مطابق کمپنی کو خامیوں کو دور کرنے اور اصول و ضوابط پر عمل کرنے سے متعلق لازمی اصلاح سے گزرنا ہوگا۔


ڈی جی سی اے نے جمعرات کو ایک نوٹیفکیشن میں بتایا کہ آڈٹ کے دوران الکیمسٹ ایویشن میں سنگین خامیاں پائی گئی ہیں اور ریگولیٹری التزمات پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ الکیمسٹ ایویشن جھارکھنڈ کے جمشید پور سوناری ہوائی اڈہ پر مقامی پرواز کا کام کرتی ہے۔ 20 اگست کو جھارکھنڈ میں سرائے کیلا-کھرساواں ضلع واقع سوناری ہوائی اڈہ سے پرواز بھرنے کے بعد الکیمسٹ ایویشن کا 2 سیٹر طیارہ لاپتہ ہو گیا تھا۔ بعد میں طیارہ کا ملبہ چانڈل پشتہ کے نہر سے برآمد ہوا تھا۔ این ڈی آر ایف اور بحریہ کی مدد سے طیارہ کے ملبہ کو نہر سے نکالا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔