الاسکا میں طیارہ حادثہ کے بعد الرٹ ہوا ڈی جی سی اے، ایئرلائنس کو دی اہم ہدایت

ڈی جی سی اے نے سبھی ہندوستانی ایئرلائنز آپریٹرس کو اپنے اپنے طیاروں کی ایمرجنسی ایگزٹ کا جائزہ لینے کی ہدایت دی، یہ فیصلہ امریکہ میں الاسکا ایئرلائنز کی فلائٹ میں ہوئے حادثہ کے بعد لیا گیا ہے۔

ڈی جی سی اے، تصویر آئی اے این ایس
ڈی جی سی اے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ڈائریکٹر جنرل آف سول ایویشن (ڈی جی سی اے) نے ہفتہ کے روز سبھی ہندوستانی ہوائی آپریٹرس کو اپنے اپنے بوئنگ 8-737 میکس طیاروں میں موجود ایمرجنسی ایگزٹ کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ ڈی جی سی اے نے یہ فیصلہ امریکہ میں الاسکا ایئرلائنز کی فلائٹ کے پرواز بھرنے کے فوراً بعد ہوئے حادثہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے لیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ الاسکا ایئرلائنس کے بوئنگ 9-737 میکس طیارہ کا ایمرجنسی دروازہ پرواز کے دوران ہوا میں ہی اکھڑ کر الگ ہو گیا تھا۔ پھر فوراً طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔ ڈی جی سی اے کا کہنا ہے کہ اس حادثہ کے بارے میں بوئنگ سے ابھی تک کوئی جانکاری یا وضاحت نہیں ملی ہے۔ کسی بھی ہندوستانی ایئر آپریٹر کے پاس ابھی تک اپنے بیڑے میں بوئنگ 9-737 میکس نہیں ہے۔ حالانکہ احتیاطاً ڈی جی سی اے نے سبھی ہندوستانی ہوائی آپریٹرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے بیڑے میں چل رہے سبھی بوئنگ 8-737 میکس طیاروں کے ایمرجنسی ایگزٹ کا ایک بار فوری جائزہ کرائیں۔


یہ پوچھے جانے پر کہ کیا جائزہ سے پروازوں کا پروگرام متاثر ہو سکتا ہے، افسر نے منفی میں جواب دیا۔ افسر کا کہنا ہے کہ ’’نہیں، یہ ایک بار کی جانچ رات میں اس وقت کیا جائے گا جب طیارہ استعمال میں نہیں ہوتا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ فی الحال ایئر انڈیا ایکسپریس، اسپائس جیٹ اور اکاسا ایئر کے بیڑے میں بوئنگ 8-737 میکس طیارہ ہیں۔

واضح رہے کہ الاسکا ایئرلائنز کے طیارہ میں ہوئے حادثے کے بعد بوئنگ کی طرف سے کیے گئے ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’الاسکا ایئرلائنس کی پرواز نمبر اے ایس 1282 جانکاری ملی ہے۔ ہم مزید تفصیلی جانکاری اکٹھا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور ایئرلائن کے رابطے میں ہیں۔ بوئنگ کی ایک تکنیکی ٹیم جانچ میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔