ڈی جی سی اے انڈیگو بحران معاملہ میں سخت کارروائی کے لیے پُرعزم، 4 رکنی پینل کی رپورٹ کا انتظار
ایک افسر نے بتایا کہ کہرے کے موسم اور چھٹیوں کے سیزن کو دیکھتے ہوئے ایئرلائنس کو زیادہ ذمہ داری سے کام کرنا چاہیے تاکہ مسافروں کو پریشانی نہ ہو۔

انڈیگو ایئرلائن میں گزشتہ دنوں بڑے پیمانے پر پروازوں میں پیش آئی گڑبڑی سے متعلق شہری ہوابازی ڈائریکٹوریٹ (ڈی جی سی اے) سخت کارروائی کے لیے پرعزم دکھائی دے رہا ہے۔ ایک سینئر افسر نے جمعہ کے روز واضح کیا کہ ڈی جی سی اے کی طرف سے تشکیل 4 رکنی پینل کی رپورٹ ملتے ہی انڈیگو ایئرلائن کے خلاف وسیع اور اصلاحی کارروائی ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ کے شروع میں ہزاروں انڈیگو پروازیں متاثر ہوئی تھیں اور انڈیگو بحران سے مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مشکل حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ڈی جی سی اے نے سرمائی موسم میں انڈیگو کی پروازیں 10 فیصد تک کم کر دی ہے۔ انڈیگو کے آپریشنل بحران سے قبل ملک کی سب سے بڑی یہ ایئرلائن روزانہ تقریباً 2300 پروازیں آپریٹ کرتی تھی۔ سینئر افسر نے واضح کیا ہے کہ جو بھی قدم اٹھائے گئے ہیں، اس کا مقصد یہ ہے کہ مستقبل میں ایسے تکنیکی اور آپریشنل مسائل پیدا نہ ہوں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا دیگر ایئرلائنس کے شیڈیول کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے؟ افسر نے جواب دیا کہ کہرے کے موسم اور چھٹیوں کے سیزن کو دیکھتے ہوئے ایئرلائنس کو اضافی ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ مسافروں کو پریشانی نہ ہو۔ افسر نے یہ بھی کہا کہ ہمارا ہدف یہ یقینی بنانا ہے کہ انڈیگو بحران جیسا معاملہ دوبارہ پیش نہ آئے۔
واضح رہے کہ انڈیگو کے سی ای او پیٹر ایلبرس نے 18 دسمبر کو مستقبل کی حکمت عملی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی پوری توجہ اب حالات کو بہتر کرنے پر مرکوز ہے۔ انھوں نے جمعرات کو کہا کہ ایئرلائن اب 3 اہم ستون لچیلاپن، بنیادی مسائل کا تجزیہ اور تعمیر نو پر توجہ دے رہی ہے۔ کمپنی کا ہدف ان اسباب کو جڑ سے ختم کرنا ہے، جن کی وجہ سے پروازیں متاثر ہوئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔