دیویندر فڑنویس ہر مسئلہ کے لیے ذمہ دار، وہ مہاراشٹر کے 'ویلن' ہیں: سنجے راؤت

ورشا گائیکواڈ نے کہا ''بی جے پی اب بدعنوان پارٹی بن چکی ہے۔ جواہر لال نہرو کے ذریعہ بنائی گئی مورتی 67 سال بعد بھی کھڑی ہے۔"

<div class="paragraphs"><p>سنجے راوت / آئی اے این ایس</p></div>

سنجے راوت / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر کے سندھو دُرگ میں چھترپتی شیواجی مہاراج کی مورتی کے منہدم ہونے کا معاملہ پورے ملک میں سیاسی گرمی پیدا کیے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نریندر مودی کو معافی بھی مانگنی پڑی تھی۔ اس درمیان شیو سینا (یو بی ٹی) رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے ریاست کے نائب وزیراعلیٰ کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا ہے کہ ہر چیز کے پیچھے ماسٹر مائنڈ دیویندر فڑنویس ہی ہیں اور مہاراشٹر کا یہی مسئلہ ہے، وہ یہاں کے 'ویلن' ہیں۔

سنجے راؤت نے کہا کہ یہ بات پورا ملک اور وزیراعظم مودی بھی جانتے ہیں کہ وہی (دویندر فڑنویس) ان سب کے پیچھے ہیں، اسی وجہ سے انہیں بھی معافی مانگنی پڑی لیکن سوال یہ ہے کہ کیا صرف معافی مانگ لینے سے معاملہ حل ہو جائے گا۔ انہوں کہا کہ صرف 7 مہینے کے اندر شیواجی کا مجسمہ منہدم ہو گیا، تو کیا ہم خاموش رہیں؟ ہم آج شیواجی مہاراج کے اعزاز میں احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں۔


شیواجی کا مجسمہ منہدم ہونے کے احتجاج میں مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے رہنماؤں نے اتوار کو جنوبی ممبئی کے ہُتاتما چوک سے گیٹ وے آف انڈیا تک ایک عظیم مارچ نکالا۔ اس موقع پر ورشا گائیکواڑ نے بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ شیواجی مہاراج سے بڑی کوئی عدالت نہیں ہے اور بی جے پی اب بدعنوان پارٹی بن چکی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جواہر لال نہرو کے ذریعہ بنائی گئی مورتی 67 سال بعد بھی کھڑی ہے۔

ایم وی اے کے ذریعہ احتجاجی مارچ نکالے جانے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ دیوندر فڑنویس نے اسے سیاسی تحریک قرار دیا ہے۔ واضح ہو کہ 17ویں صدی کے مراٹھا راجہ چھترپتی شیواجی مہاراج کی مورتی سندھودُرگ ضلع کے مالون تحصیل میں راجکوٹ قلعہ پر قائم تھی جو 26 اگست کو گر گئی تھی۔ وزیراعظم مودی نے اس کی 4 دسمبر 2023 کو یوم بحری افواج کے موقع پر رونمائی کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔