بی جے پی کی ترقی ملک کے لئے ’تباہ کن‘: دگوجے

دگوجے سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی مضبوطی میں آر ایس ایس کی نہیں بلکہ کانگریس کی قربانیاں شامل ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جو ملک بنا رہی ہے، اس میں شہیدوں تک کا احترام نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بھوپال: مدھیہ پردیش کی بھوپال پارلیمانی سیٹ سے کانگریس کے امیدوار اور سابق وزیراعلی دگوجے سنگھ نے آج پنچایتی راج کے دن کے بہانے بھارتیہ جنتا پارٹی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ’تباہ کن ترقی‘ کو عوام پہچانیں۔

دگوجے سنگھ نے آج صبح مسلسل چار ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے مشن کو پورا کرنے میں مدھیہ پردیش ان کے دور اقتدار میں پنچایتی راج کو قائم کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بنی۔ انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور اقتدار میں دیہی خود مختاری والی حکومت پر کامیابی سے عمل ہوسکا۔ کسی فرد واحد پر مرکوز مودی راج سے الگ یہ اقتدار میں عام آدمی کی حصہ داری کو بڑھانے کی کوشش تھی۔

سابق وزیر اعلی نے الزام لگایا کہ جمہوریت کی حفاظت اور اسے مضبوط کرنے والی تنظیموں کو اس سے پہلے کبھی اتنا کمزور اور خراب نہیں کیا گیا ہے، جتنا کہ پچھلے پانچ برسوں میں بی جے پی حکومت کے دور اقتدار میں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی جے پی کی ’تباہ کن ترقی‘ کو پہچانیں۔

قبل ازیں گزشتہ روز دگوجے سنگھ نے آر ایس ایس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی مضبوطی میں آر ایس ایس کی نہیں بلکہ کانگریس کی قربانیاں شامل ہیں۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جو ملک بنا رہی ہے، اس میں شہیدوں تک کا احترام نہیں ہے۔

دگوجے سنگھ نے ایک جلسہ سے خطاب کے دوران کہا کہ شہید ہیمنت کرکرے کے خلاف آر ایس ایس کے لوگوں کے بیان سے واضح ہے کہ ان کے لئے ہندوستان ’ماں‘ نہیں آر ایس ایس ہی سب کچھ ہے۔ ہندوستان کے شہید بھی اگر آر ایس ایس کو پسند نہیں تو وہ ’شیطان‘ ہیں۔ ہم نے آر ایس ایس کا نہیں آئین کا حلف لیا ہے۔ ہم ’بھارت ماتا کے بھکت‘ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج ایک مضبوط ملک ہے۔ جس میں آر ایس ایس کی نہیں، کانگریس کے لوگوں کی قربانیاں شامل ہیں۔ مہاتما گاندھی، اندراگاندھی، راجیوگاندھی کی قربانیاں ہیں۔ نہرو جی نے نئے ملک کے طور پر ہندوستان کی بنیاد رکھی۔ اس میں آر ایس ایس کے شیاما پرساد مکھرجی کو بھی احترام دے کر شامل کیا، سب کو ساتھ لیا۔ لیکن آپ جو ملک بنا رہے ہیں، اس میں شہیدوں تک کا احترام نہیں ہے۔

دگوجے سنگھ نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ مہاتما گاندھی، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی سے لے کر ہیمنت کرکرے سب آپ کے لئے بس سیاسی موضوع کیوں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیا ہندوستان صرف گزشتہ پانچ برسوں میں نہیں بنا ہے۔ ملک کی معیشت، بہتر تنظیم، نیوکلیائی اور خلائی شعبہ میں ہندوستان کا بااختیار ہونا، دنیا کی سب سے بڑی فوج سے لے کر سائنس کی طاقت تک سب کچھ، آپ کے آنے سے پہلے ملک کے پاس تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔