بنگال میں ’بلبل‘ سے تباہی، دو ہلاک، متعدد لاپتہ

وزیر اعلی ممتا بنرجی نے طوفان کے پیش نظر پوری رات ریاستی سیکریٹریٹ میں گزاری جہاں صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کنٹرول پینل بنائے گئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: طوفان ’بلبل‘ کے ہندوستان -بنگلہ دیش کے کنارے پر پہنچنے کے بعد مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں اور سندربن کے پاس بكھالی، نامكھانا، كاک ديپ اور ساگرديپ میں چاروں طرف تباہی کا منظر ہے۔اس طوفان میں اب تک دو افراد کی ہلاکت کی خبر ہے۔

طوفان کی وجہ سے بالی گنج میں واقع کولکاتا کرکٹ اینڈ فٹ بال کلب کے 28 سالہ شیف دیودار کی درخت گر جانے سے موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ نامكھانا میں بھی ایک شخص کی موت ہو گئی اور دو دیگر لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ نامكھانا میں دو جے ٹی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ طوفان کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہو رہی ہے جس سے کئی درخت، بجلی اور ٹیلی فون کے کھمبے وغیرہ جڑ سے اکھڑ گئے۔ فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔


وزیر اعلی ممتا بنرجی نے طوفان کے پیش نظر پوری رات ریاستی سیکریٹریٹ میں گزاری جہاں صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کنٹرول پینل بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کل اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ’’ہم طوفان سے پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کے لئے تمام احتیاطی قدم اٹھا رہے ہیں۔ اس کے لئے خصوصی کنٹرول پینل قائم کیے گئے ہیں اور قومی آفات اور ریاستی ڈیزاسٹر فورسز کی ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے‘‘۔

گورنر جگدیپ دھنكڑ نے کہا ’’ریاست کے تمام ساحلی اضلاع میں بحریہ، مغربی بنگال پولس اور کوسٹ گارڈ نے حالات کی نگرانی کی ہے اور ریاستی حکومت نے بھی کئی اقدامات کیے ہیں، اس کے باوجود طوفان کی وجہ سے بھاری نقصان ہوا ہے۔ غیر سرکاری تنظیموں کے لئے انسانی امداد کے اقدامات کرنے کا وقت آ گیا ہے‘‘۔


طوفان نے ابيم جزائر کو پار کر لیا ہے اور فی الحال یہ شمال مشرق میں بنگلہ دیش کی طرف بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ دو دن میں کولکاتا میں 104 ملی میٹر بارش ہوئی ہے اور 50-70 کلومیٹر فی کلومیٹر کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ ديگھا، ہوڑہ، ہگلی، 24 پرگنہ اور مدنی پور جیسے ساحلی اضلاع میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ بلبل کی وجہ صرف مغربی بنگال میں ہی نہیں بلکہ اڑیسہ میں بھی تباہی ہوئی ہے۔

طوفان کی وجہ سے کولکاتا ہوائی اڈے سے کل شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک پروازیں منسوخ رہیں۔ ایوی ایشن سروس صبح بحال کر دی گئی۔ ساحلی علاقوں سے لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ تمام آبی ذخائر میں ماہی گیری پر روک لگا دی گئی ہے پولس سبھی ساحلی اضلاع میں مائیک پر اعلان کرکے لوگوں کو الرٹ کر رہے ہیں۔ سستی فضائیہ کمپنی انڈیگو ایر لائنز نے بلبل کے غصے کو دیکھتے ہوئے کل اپنی 23 پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔