پدماوت ریلیز ہوئی تو کرفیو لگا دیں گے: کرنی سینا

بہار کے مظفر پور میں ایک سنیما ہال میں شرپسندوں نے توڑ پھوڑ کی اور سپریم کورٹ کےحکم کو ٹھینگہ دکھاتے ہوئے کرنی سینا نے اعلان کر دیا ہے کہ اگر فلم ریلیز کی گئی تو وہ سنیما گھروں میں کرفیو لگا دیں گے۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

تنازعات میں گھری فلم ’پدماوت‘ کو تمام ریاستوں میں ریلیز کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے باوجود ہنگامہ آرائی کسی صورت تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلہ کے چند گھنٹے بعد ہی بہار کے مظفر پور میں ایک سنیما ہال میں شرپسندوں نے توڑ پھوڑ کی اور سپریم کورٹ کے حکم کو ٹھینگہ دکھاتے ہوئے کرنی سینا نے اعلان کر دیا ہے کہ اگر فلم ریلیز کی گئی تو وہ سنیما گھروں میں کرفیو لگا دیں گے۔

سپریم کورٹ نے بروز جمعرات فلم’پدماوت‘ کو 25 جنوری سے ریلیز کو سبز پرچم دکھاتے ہوئے راجستھان سمیت 4 ریاستوں میں روک لگائے جانے کو غلط قرار دیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد سے ہی راجپوت طبقے میں تیکھا رد عمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔

فلم کی مخالفت میں کرنی سینا نے بہار کے مظفر پور میں 18 جنوری کو ہنگامہ آرائی کرنے کے ساتھ سنیما ہال میں بھی توڑ پھوڑ کی۔ مشتعل کارکنان نے سنیما ہال میں لگائے گئے فلم کے پوسٹروں کو بھی پھاڑ دیا اور فرنیچر کو بھی نقصان پہنچایا۔ پولس کے مطابق مٹھن پورہ تھانہ علاقہ کے جیوتی کارنیوال سنیما ہال میں 30-40 افراد نے توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کی جو خود کو کرنی سینا کے ارکان کہہ رہے تھے۔

اس دوران کرنی سینا کے کارکنان نے فلم ’پدماوت‘ کی نمائش کرنے پر سنیما ہال کو نذر آتش کرنے کی بھی دھمکی دی۔ ان لوگوں کا کہنا ہے’’ہم کسی بھی قیمت پر سنیما گھروں میں فلم ’پدماوت‘ چلنے نہیں دیں گے۔‘‘ حالانکہ پولس کو آتا دیکھ ، کرنی سینا کے یہ کارکنان وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ پولس کے ایک افسر نے بتایا کہ پولس سی سی ٹی وی فٹیج دیکھ کر ہنگامہ کرنے والوں کی پہچان میں مصروف ہے۔ حملہ آوروں کی شناخت کرنے کے بعد ان پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
بہار: مظفر پور میں سنیما ہال میں ہنگامہ کرتے کرنی سینا کے کارکنان

دریں اثنا بہار سے بھی فلم’پدماوت‘ پر پابندی عائد کرنے کی مانگ کی گئی ہے اور یہ مطالبہ کسی اور نے نہیں بلکہ خود وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی کے ایک رہنما نے کیا ہے۔

پارٹی کے ترجمان سنجے سنگھ نے فلم’پدماوت‘ کو بہار میں بین کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ’’متنازعہ فلم’پدماوت‘ کو مجروح ہوتے انسانی جذبات اور مخالفت کے بیچ ہریانہ، راجستھان، گجرات اور مدھیہ پردیش میں بین کر دیا گیا ہے، اس لئے بہار میں بھی اس فلم پر پابندی عائد کر دینی چاہئے۔‘‘

دریں اثنا گجرات میں بھی فلم’پدماوت‘ کی ریلیز کے خلاف ہنگامہ آرائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ احمد آباد میں فلم’پدماوت‘ کی مخالفت میں راجپوت طبقہ نے شاہراہ کو جام کر دیا اور اس دوران سڑک پر توڑ پھوڑ اور آگ زنی بھی کی گئی۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
احمد آباد میں فلم کی مخالفت میں ہائی وے پر آگزنی

سپریم کورٹ کے فیصلہ کا کرنی سینا پر کوئی اثر نہیں ہے اور وہ کہہ رہی ہے کہ فلم’پدماوت‘ کو ملک میں کہیں بھی ریلیز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اجین میں راجپوت کرنی سینا کے سربراہ لوکیندر سنگھ کلوی نے کہا کہ ’’میں سماجی تنظیموں سے اپیل کرتا ہوں کہ سینما ہالوں پرعوامی کرفیوں نافذ کر دیں۔ ‘‘

ایک اور راجپوت تنظیم راشٹریہ کرنی سینا نے کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کو ڈبل بنچ میں چیلنج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا کام نظم و نسق کے لئے ریاست کو حکم دینے کا ہے وہ اپنا کام کریں، ہم اپنا کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی قیمت پرفلم’پدماوت‘کوریلیز نہیں ہونے دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Jan 2018, 10:00 AM