خواتین کی شدید مخالفت کے باوجود دہلی حکومت جگہ جگہ شراب کی دکانیں کھول رہی: کانگریس

دہلی خواتین کانگریس کی صدر امرتا دھون نے کہا کہ شیلا حکومت کی دور اندیشی کا نتیجہ ہے کہ آج دہلی کے اسکولوں میں نہ صرف لڑکیوں کے داخلے میں اضافہ ہوا ہے بلکہ طالبات نے طلباء سے بہتر نتائج دیئے ہیں۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس نے کجریوال حکومت پرخواتین کے ساتھ وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈراوردہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال پنجاب میں جاکر وہاں کی خواتین کو مضبوط کرنے، خواتین کو سیکورٹی فراہم کرنے اور 1000 روپئے ماہانہ دینے کا اعلان کر رہے ہیں لیکن انہیں پہلے دہلی کی خواتین سے کئے گئے وعدوں کو پوراکرنا چاہئے۔

آج یہاں پارٹی ہیڈرکواٹرمیں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے دہلی کی سابق وزیر اور کانگریس پارٹی کی سینئر لیڈر کرشنا تیرتھ نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ ہونے کے ناطے دہلی کی خواتین کو بااختیار بنانا تو دوروہ خواتین کی حفاطت تک نہیں کر پارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعداد وشمار کے مطابق ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں ہر روزعصمت دری کے6 واقعات ہورہے ہیں۔ پریس کانفرنس میں دہلی پردیش خواتین کانگریس کی صدر امرتا دھون، شعبہ تشہیر کے وائس چیئرمین انوج اتریے بھی موجود تھے۔


محترمہ تیرتھ نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ دیگرریاستوں میں جاکر خواتین کے حوالے سے جھوٹے وعدے کررہے ہیں لیکن وہ اپنے ہی صوبہ دہلی میں خواتین سے کئے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہے ہیں، انہوں نے دہلی کی خواتین کو دہلی میٹرو میں مفت سفر کا وعدہ کیا تھا اور کانگریس کی حکومت کے ذریعہ شروع کی گئی لاڈلی اسکیم کو بھی کجریوال حکومت نے ٹھپ کردیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے دہلی کے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ کجریوال پہلے تمام اسکیموں کو دہلی میں لاگو کریں جو وہ دیگر ریاستوں میں لاگو کرنے کی بات کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کجریوال اس اسکیم کو لاگو کرتے ہیں توتقریباً 11300 کروڑ روپئے بجٹ ہوگا۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ کے دریعہ پنجاب کی خواتین کو 1000 روپئے ماہانہ دینے کے اعلان کو محض انتخابی جملہ قرار دیا۔ محترمہ تیرتھ نے کہا کہ دہلی میں خواتین کی شدید مخالفت کے باوجود دہلی حکومت جگہ جگہ شراب کی دکانیں کھول رہی ہے اوردہلی کی خواتین کے اعتراض کے باوجود گھر گھر شراب کی ڈیلیوری کی تیاری بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی خواتین کانگریس کجریوال حکومت کی نئی شراب پالیسی کے خلاف دہلی کے ہرحصے میں مظاہرہ کرتے ہوئے تحریک چلارہی ہے۔

دہلی خواتین کی صدر امرتا دھون نے کہا کہ شیلا حکومت نے سال 2008 میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے ’لاڈلی ‘ اسکیم شروع کی تھی، مدد کرنے کا کام شروع کیا تھا لیکن کجریوال حکومت کے راج میں کانگریس کے ذریعہ خواتین کی ترقی کےلئے شروع کی گئی اسکیمیں ٹھپ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’لاڈلی‘ اسکیم کے تحت 36000 روپئے اسپتال میں اور 35000 روپئے بغیر اسپتال میں پیدا ہونے والی بچیوں کے کھاتے میں دیا جاتا تھا۔ محترمہ دھون نے کہا کہ شیلا حکومت کی دور اندیشی کا ہی نتیجہ ہے کہ آج دہلی کے اسکولوں میں نہ صرف لڑکیوں کے داخلے میں اضافہ ہوا ہے بلکہ طالبات نے طلباء سے بھی بہتر نتائج دیئے ہیں۔ اس اسکیم کے ذریعہ 2008 سے 2020 تک 10.64 لاکھ بچیوں کو فائدہ ملا ہے اور تقریباً 3 لاکھ بچیوں کے کھاتے میں 404 کروڑ روپئے کی رقم سن بلوغت کو پہنچنے کے بعد منتقل بھی ہوچکی ہے لیکن آج دہلی حکومت نے لاڈلی اسکیم کو ناکارہ بنا کررکھ دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔