وزیر خزانہ نے ایک بار پھر عوام کو مرنے کی کگار پرپہنچادیا :اجیت پوار

اجیت پوار نے تمام پارٹیوں کے ممبرانِ پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ مرکزی وزیرمالیات سے ملاقات کرکے مہاراشٹر کی عوام کو انصاف دلانے کی کوشش کریں۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کورونا وائرس کی جدو جہد اور ویکسین تیار کر کے ملک کے سائنسدانوں اور کورونا وارئرس نے ملک کے عوام کی زندگی بچانے کی کوشش کی لیکن ہمارے ملک کی وزیرمالیات نے اپنے قومی بجٹ کے ذریعہ ایک بار پھر عوام کو موت کی کگار پر پہنچادیا ہے۔ دہلی کی سرحدوں پر احتجاج کرنے والے کسانوں سے لے کر کورونا کے دور میں اپنے روزگار گنوانے والے کروڑوں نوجوانوں تک کے ہاتھوں میں اس بجٹ سے مایوسی ہاتھ لگی ہے۔ یہ سخت تنقید کل مہاراشٹر ریاست کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے کی ہے۔ وہ مرکزی وزیرمالیات کے ذریعہ پیش کردہ بجٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کررہے تھے۔

اجیت پوار نے کہا کہ اس بجٹ میں مرکزی حکومت نے پسماندہ طبقات، اقلیتوں، آدیواسیوں نیز محنت کشوں کے ساتھ نا انصافی کی اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ خواتین کی ترقیاتی وفلاحی اسکیموں کے لیے اس بجٹ میں کچھ خاص نظر نہیں آرہا ہے۔ انکم ٹیکس کی حدوں میں اضافہ کے ذریعہ مڈل کلاس کو راحت کی امید تھی ، لیکن ا س بجٹ نے ان کی امیدوں پر بھی پانی پھیردیاہے جس کی وجہ سے ان میں اس بجٹ سے ناراضگی صاف طور پر محسوس کی جارہی ہے۔


ملک کے خزانے میں سب سے زیادہ محصول دینے والے مہاراشٹر کے ساتھ اس بار بھی ناانصافی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کو دور کرنے کے لئے وہ تمام پارٹیوں کے ممبرانِ پارلیمنٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مرکزی وزیرمالیات سے ملاقات کرکے ریاست کی عوام کو انصاف دلانے کی کوشش کریں۔

اجیت پوار نے کہا ہے کہ ممبئی وپونے سمیت مہاراشٹر کے حصے میں اس بجٹ سے کچھ نہیں ملا ہے جس سے مہاراشٹر کے ساتھ مرکزی حکومت ناانصافی ایک بار پھر ظاہر ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں چونکہ الیکشن ہیں اس لیے مغربی بنگال کو پچیس ہزار کروڑ روپیے دیے گئے ہیں ،گوکہ اس بات کا یقین نہیں ہے کہ یہ پچیس ہزار کروڑ روپےمغربی بنگال کو ملیں گےبھی یا نہیں ، لیکن مغربی بنگال الیکشن کے پیشِ نظر مرکزی وزیرمالیات کو رابندرناتھ ٹیگور کی یادآگئی مگر ٹیگور کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے ملک کی معیشت کی تباہی اور مرکزی حکومت کی ناکامی کو بھی ایک طرح سے اجاگر کردیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Feb 2021, 7:41 AM