بی جے پی کے رویہ سے پارلیمانی جمہوریت شرمسار: کانگریس

راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیرمین کو بتانا چاہئے کہ انہوں نے آئین کے خلاف کیوں کام کیا اور کانگریس نے جب ڈویژن کی مانگ کی تو اسے اس کے حق سے محروم کیوں کیا گیا، ووٹنگ کی اجازت نہیں دی گئی۔

تصویرسوشل میڈیا آر ایس ٹی وی
تصویرسوشل میڈیا آر ایس ٹی وی
user

یو این آئی

کانگریس نے کہا کہ راجیہ سبھا میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے جس طرح کا سلوک کیا ہے اس سے ملک کی پارلیمانی جمہوریت شرمسار ہوئی ہے اور ڈپٹی چیرمین ہری ونش نارائن سنگھ نے اراکین کے جذبات کو کچل کر ایوان کی کارروائی کو انجام دیا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے دیر رات ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ حکومت کسان سے متعلق بل پر کانگریس سمیت کسی اپوزیشن جماعت، کسانوں اور دیگر متعلقہ لیڈروں کی بات سننے کو تیار نہیں ہے۔ انہو ں نے کہاکہ ڈپٹی چیرمین کی ذمہ داری تھی کہ وہ ایوان کے جذبات کا خیال رکھتے اور کہتے کہ اراکین کے جذبات کے پیش نظر وزیر اس بارے میں کل جواب دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیرمین کو بتانا چاہئے کہ انہوں نے آئین کے خلاف کیوں کام کیا۔ کانگریس نے جب ڈویزن کی مانگ کی تو اسے اس کے حق سے محروم کیوں کیا گیا، ووٹنگ کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے اسے اراکین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت نے ان کے حقوق سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان کی کارروائی کے دوران بی جے پی کے لیڈر ڈپٹی چیرمین کے پاس جارہے تھے اورسازش کررہے تھے اور ان کا یہ طرز عمل پارلیمانی جمہوریت کا قتل ہے۔


کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پریس کانفرنس کی اور وہ ڈپٹی چیرمین کے کام کو صحیح ٹھہرا رہے ہیں۔ انہوں نے اسے افسوسناک قرار دیا کہ ایک سینئر کابینی وزیر غلط بات کررہے ہیں اور ڈپٹی چیرمین کے کام کو صحیح ٹھہرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کانگریس کی آواز دبانے کی کوشش کرری ہے لیکن وہ اس کام میں ناکام ثابت ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔