شعبۂ اردو، ممبئی یونیورسٹی میں ’یوم سرسید‘ تقریب کا انعقاد

یاسین مومن نے اپنے صدارتی خطبے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اپنے طالب علمی کے زمانے کو یاد کرتے ہوئے قوم پر سرسید کے احسانات کی طرف توجہ دلائی۔

ڈاکٹر قمر صدیقی، ایڈووکیٹ یٰسین مومن، شاہد لطیف اور ڈاکٹر عبداللہ امتیاز احمد (دائیں سے بائیں)
ڈاکٹر قمر صدیقی، ایڈووکیٹ یٰسین مومن، شاہد لطیف اور ڈاکٹر عبداللہ امتیاز احمد (دائیں سے بائیں)
user

پریس ریلیز

ممبئی: یوم سرسید کے موقع پر شعبۂ اردو ممبئی یونیورسٹی کے زیر اہتمام 17 اکتوبر کو ایک تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس کی صدرات ایڈووکیٹ یاسین مومن (معروف اسکالر اور سیاست داں) نے کی اورمہمان خصوصی شاہد لطیف (ایڈیٹر، انقلاب اور شاعر) نے توسیعی خطبہ پیش کیا۔ انھوں نے سرسید کی علمی و ادبی خدمات کے مدنظر اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔ شاہد لطیف نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جو کام سرسید چھوڑ گئے تھے اس کو ہم آگے نہیں بڑھا پائے۔ سرسید کے مقصد کو آج کے دور میں فروغ دینے کو لازمی قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سرسید کے مقصد اور ان کے تعلیمی نظریے پر عمل پیرا ہوئے بغیر ہماری قوم ترقی نہیں کر سکتی اور نہ زمانے کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکتی ہے۔

یاسین مومن نے اپنے صدارتی خطبے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اپنے طالب علمی کے زمانے کو یاد کرتے ہوئے قوم پر سرسید کے احسانات کی طرف توجہ دلائی۔ انھوں نے ہندوستانی مسلمانوں کے لیے سرسید کو نجات دہندہ قرار دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبداللہ امتیاز احمد (صدر شعبۂ اردو، ممبئی یونیورسٹی) نے سرسید کی عہد سازی اور ذہن سازی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سرسید جیسی شخصیت کئی صدیوں میں پیدا ہوا کرتی ہے۔ ہندوستان میں مسلم رہنماؤں میں سرسید کے مرتبے کو کوئی نہیں پہنچ سکا۔ سرسید ایک ایسے رہنما ہیں جن کی ضرورت ہمیں ہر دور میں محسوس ہوگی۔


ڈاکٹر قمر صدیقی نے دورانِ نظامت کہا کہ پچھلے دو سو برسوں میں سرسید جیسی عظیم شخصیت پیدا نہیں ہوئی ہے۔ اس تقریب میں ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبا کے ساتھ ساتھ شہر کے اردو طبقہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر قمر صدیقی نے مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کا اختتام کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔