دہلی میں گھنا کہرا، آلودگی کی مار اور جلد بارش کا امکان
دہلی میں صبح کے وقت گھنا کہرا چھایا رہتا ہے، دن میں دھوپ سے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، آلودگی کا معیار 'بہت خراب' ہے۔ 3-4 فروری کو بارش سے موسم میں تبدیلی متوقع ہے

دہلی میں شدید کہرا
نئی دہلی: دہلی میں ان دنوں صبح کے وقت گھنے کہرے کا منظر دیکھنے کو مل رہا ہے لیکن دوپہر کے وقت تیز دھوپ کے باعث دن کا درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے۔ دوسری جانب رات کے وقت کم سے کم درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ تاہم دہلی کے باشندوں کو آلودگی کی سنگین صورتحال کا بھی سامنا ہے۔ فضائی معیار کا اشاریہ (اے کیو آئی) بہت خراب زمرے میں پہنچ چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج، 31 جنوری کو دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم فروری کے آغاز سے رات کے درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوگا لیکن دن کے وقت درجہ حرارت میں کمی کے امکانات ہیں۔
یکم فروری کو ایک نیا مغربی ہوائی دباؤ متحرک ہونے کی توقع ہے، جس کے باعث دن کے وقت کے درجہ حرارت میں کمی آ سکتی ہے۔ 3 اور 4 فروری کو جھماجھم بارش کے امکانات ہیں، جس کے نتیجے میں دھوپ غائب رہے گی اور سردی محسوس ہوگی۔ بارش کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں کچھ اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔
آلودگی کی صورتحال کے حوالے سے مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق دہلی کا اوسط AQI 350 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ 'بہت خراب' زمرے میں آتا ہے۔ یاد رہے کہ اے کیو آئی صفر سے 50 کے درمیان ہو تو اسے 'اچھا'، 51 سے 100 'اطمینان بخش'، 101 سے 200 'درمیانہ'، 201 سے 300 'خراب'، 301 سے 400 'بہت خراب' اور 401 سے 500 'سنگین' زمرے میں شمار کیا جاتا ہے۔
دہلی کے باشندے آنے والے دنوں میں بارش کے باعث آلودگی میں کچھ کمی کی امید کر سکتے ہیں لیکن سرد موسم کا احساس بھی رہے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔