’جمہوریت بچ گئی‘، بہار میں ایس آئی آر سے متعلق ’سپریم‘ فیصلے کا کانگریس نے کیا استقبال
کانگریس نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج سپریم کورٹ نے جمہوریت کی حفاظت کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اب تک رخنہ ڈالنے اور ووٹرس کے حقوق کے خلاف کام کرنے والا کردار نبھایا تھا۔‘‘

بہار میں ایس آئی آر کے بعد جاری ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں لاکھوں نام کاٹے جانے سے متعلق معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا کانگریس نے استقبال کیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ جمہوریت پر ہوئے ایک سخت حملے سے ملک کو بچانے والا ہے۔ ساتھ ہی اس فیصلے نے الیکشن کمیشن کے طریقہ کار کو پوری طرح سے ظاہر کر دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 14 اگست کو سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو سخت پھٹکار لگاتے ہوئے کہا تھا کہ حذف کیے گئے ووٹرس کی پوری فہرست منظر عام پر لائی جائے۔ اس کے ساتھ ہی فہرست میں نام حذف کیے جانے کی وجہ بھی بتائی جائے۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ جن ووٹرس کے نام ہٹائے گئے ہیں وہ آدھار کارڈ کو شناختی کارڈ کے طور پر دکھا کر ووٹ کر سکیں۔ آج عدالت نے اپنے حکم کو دہراتے ہوئے صاف کیا کہ الیکشن کمیشن کو آدھار کارڈ کو جائز شناختی کارڈ ماننا ہی ہوگا۔ عدالت کے اس واضح حکم کا ہی کانگریس نے استقبال کیا ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سپریم کورٹ کا حکم سامنے آنے کے بعد اپنا رد عمل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’آج سپریم کورٹ نے جمہوریت کی حفاظت کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اب تک رخنہ ڈالنے اور ووٹرس کے حقوق کے خلاف کام کرنے والا کردار نبھایا تھا۔ لیکن اب عدالت نے سیاسی پارٹیوں کو بھی اس پورے عمل میں شامل کرنے کا راستہ کھول دیا ہے۔ یہ ایک تاریخی قدم ہے۔‘‘ کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ اب انھیں ایک نافذ ہونے لائق حق مل گیا ہے، جسے الیکشن کمیشن نظر انداز نہیں کر سکتا۔
جئے رام رمیش نے اپنی پوسٹ میں براہ راست الیکشن کمیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’آج الیکشن کمیشن پوری طرح بے نقاب اور بدنام ہو چکا ہے۔ اس کے پیچھے موجود ’جی-2 کٹھ پتلی آپریٹر‘ بھی پوری طرح شکست کھا گئے ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے بہار میں ایس آئی آر اور ووٹ چوری کے خلاف پُرزور انداز میں آواز اٹھا رہی ہے۔ بہار میں راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ انڈیا بلاک کے دیگر سرکردہ لیڈران بھی مستقل یہ عزم ظاہر کر رہے ہیں کہ یہاں ووٹ چوری کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔