’خاتون ریزرویشن کے بہانے حد بندی کو عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکتا‘، سرمائی اجلاس سے قبل اپوزیشن کا عزم
کانگریس رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے کہا کہ ’’ابھی تک کوئی اجلاس نہیں طلب کیا گیا ہے۔ بات بالکل صاف ہے، آپ (مودی حکومت) خواتین کے ریزرویشن کی آڑ میں حد بندی نہیں کر سکتے۔‘‘

سرمائی اجلاس کے اختتام کا اعلان نہ کیے جانے اور خصوصی اجلاس بلائے جانے کی خبروں کے درمیان اپوزیشن پارٹیاں اب مرکزی حکومت کی منشا پر سوال اٹھا رہی ہیں۔ خبر گرم ہے کہ سرمائی اجلاس سے پہلے حکومت پارلیمنٹ کا ایک خصوصی اجلاس بلا سکتی ہے۔ اس میں حد بندی اور خواتین کے لیے ریزرویشن کا قانون نافذ کرنے سے متعلق قانون سازی کی تجاویز منظور کی جا سکتی ہیں۔ حالانکہ اپوزیشن پارٹیوں نے واضح کر دیا ہے کہ خاتون ریزرویشن کے بہانے حد بندی کو عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکتا۔ کانگریس سے لے کر شیوسینا (یو بی ٹی) سمیت مختلف پارٹیوں کے لیڈران نے اس معاملہ میں اپنا سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
دراصل ’دی انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ سرمائی اجلاس 30 نومبر یا 4 دسمبر کو شروع ہو سکتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر حکومت چاہے تو وہ ایک مختصر خصوصی اجلاس بلا سکتی ہے۔ اس معاملہ میں چنڈی گڑھ سے کانگریس رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے کہا کہ ’’ابھی تک کوئی اجلاس نہیں طلب کیا گیا ہے۔ بات بالکل صاف ہے۔ آپ خواتین کے ریزرویشن کی آڑ میں حد بندی نہیں کر سکتے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’خواتین کے ریزرویشن کا قانون پارلیمنٹ سے 3 سال قبل منظور ہو چکا ہے۔ اگر آپ خواتین کو ریزرویشن دینا چاہتے ہیں تو 543 نشستوں میں سے ایک تہائی نشستیں ان کے لیے مخصوص کر سکتے ہیں۔‘‘
کانگریس رکن پارلیمنٹ چمالا کرن کمار ریڈی کا اس معاملہ میں کہنا ہے کہ بی جے پی حلقہ بندی کا بل لانا چاہتی ہے، کیونکہ اسے لگتا ہے وہ معاملات کو اپنی مرضی کے مطابق سنبھال سکتی ہے۔ ہمارا مطالبہ تھا کہ بل پیش کرنے سے پہلے اس پر اچھی طرح بحث کی جائے۔ ہماری مخالفت خواتین کے ریزرویشن سے نہیں ہے۔ ہمارا بنیادی مسئلہ حد بندی اور نشستوں کی تعداد بڑھانے سے متعلق ہے۔ ان کا منصوبہ ایسا نہیں ہونا چاہیے جس کی وجہ سے جنوبی ہندوستان کی سیاست حاشیے پر چلی جائے۔ اس لیے تمام فریقوں کی شمولیت کے ساتھ اس پر بحث ہونی چاہیے۔
شیوسینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ انیل دیسائی نے بھی حد بندی معاملہ پر اپنی واضح رائے سامنے رکھی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس طرح کی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ حلقہ بندی ہی اصل ایجنڈا ہے۔ وہ یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ خواتین کے ریزرویشن کے معاملے میں وہ کتنے سنجیدہ ہیں۔ حالانکہ حد بندی میں ان کی دلچسپی کہیں زیادہ دکھائی دیتی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ ایک خصوصی اجلاس بلا کر اس حد بندی کو نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔ اپوزیشن بھی انتظار کر رہی ہے۔ سب متحد ہیں۔ یہ اتحاد کافی مضبوط ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
