کیجریوال حکومت کے خلاف ایل جی نے اٹھایا سخت قدم، ایکسائز پالیسی کی ہوگی سی بی آئی جانچ

دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے کیجریوال حکومت کے خلاف سی بی آئی جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے، دہلی کی نئی ایکسائز پالیسی میں شراب کی دکانوں کے ٹینڈر میں بے ضابطگی کا الزام ہے۔

اروند کیجریوال، تصویر عآپ
اروند کیجریوال، تصویر عآپ
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں نئی ایکسائز پالیسی سوالوں کے گھیرے میں آ گئی ہے۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے کیجریوال حکومت کے خلاف سخت قدم اٹھایا ہے۔ انھوں نے دہلی ایکسائز پالیسی کے خلاف سی بی آئی جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس میں شراب کی دکانوں کے ٹینڈر میں بے ضابطگی کا الزام ہے۔ اتنا ہی نہیں کیجریوال حکومت پر نئی آبکاری پالیسی میں ضابطوں کو نظر انداز کر ٹینڈر دینے کا بھی الزام لگا ہے۔ ایل جی ونئے کمار سکسینہ نے یہ قدم چیف سکریٹری کی رپورٹ کے بعد اٹھایا ہے۔

غور طلب ہے کہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا ہے جب گزشتہ کچھ دنوں سے کیجریوال کے سنگاپور دورہ کو لے کر ہنگامہ جاری ہے۔ ایل جی ونئے سکسینہ نے حال ہی میں کیجریوال کے سنگاپور جانے کی اجازت والی عرضی کو خارج کر دیا تھا۔


واضح رہے کہ دہلی حکومت نے گزشتہ سال اپنی نئی آبکاری پالیسی نافذ کی تھی جس کے تحت پرائیویٹ دکانداروں کو اوپن ٹینڈر سے خوردہ شراب فروخت کے لائسنس جاری کیے گئے تھے۔ اب تک نئی پالیسی نافذ ہونے کے بعد دہلی کے 32 زون میں مجموعی طور پر 850 میں سے 650 دکانیں کھل چکی ہیں۔ دہلی حکومت نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ نئی پالیسی سے حکومت کے خزانہ میں اضافہ ہوگا۔ حالانکہ اس وقت دہلی بی جے پی نے اس نئی پالیسی کی مخالفت کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔