دہلی کی آب و ہوا پھر خراب، آنند وہار میں ایئر کوالٹی انڈیکس 418 سے متجاوز

دہلی میں آلودگی نے دستک دی ہے۔ منگل کے روز مسلسل دوسرے دن یہاں ہوا کا معیار تشویشناک حالت میں رہا۔ اس سے پہلے پیر کے روز دہلی میں دھند بھی چھائی رہی، آنند وہار میں اے کیو آئی 418 تک پہنچ گیا ہے

دہلی میں دھند، فائل تصویر / Getty Images
دہلی میں دھند، فائل تصویر / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی میں ایک بار پھر آلودگی نے دستک دی ہے۔ منگل کے روز مسلسل دوسرے دن یہاں ہوا کا معیار تشویشناک حالت میں رہا۔ اس سے پہلے پیر کے روز دہلی میں دھند بھی نظر آئی۔ یہاں کے آنند وہار علاقہ میں ہوا کا معیار یعنی اے کیو آئی 418 تک پہنچ گیا ہے۔

سنٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ کے جاری کردہ ایئر بلیٹن کے مطابق آنند وہار میں ہوا کا معیار 418 رہا۔ اس سے ایک دن قبل یعنی پیر کے روز اے کیو آئی 405 تھا۔ اسی کے ساتھ آنند وہار لگاتار دوسرے دن راجدھانی کا سب سے آلودہ مقام رہا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ آنے والے وقت میں ہوا کا معیار مزید خراب ہو سکتا ہے۔


ہوا کا معیار جب انتہائی خراب ہوتا ہے تو صحت مند افراد بھی متاثر ہوتے ہیں، جبکہ پہلے سے بیماریوں میں مبتلا افراد شدید طور پر متاثر ہوتے ہیں۔ لوگوں کو سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔ دہلی کے بیشتر علاقوں میں ہوا کا معیار 100 سے تجاوز کر گیا ہے۔ اس کی وجہ سے پھیپھڑوں، دمہ اور دل کے امراض میں مبتلا افراد کو سانس لینے میں تکلیف جیسی دقتیں پیش آ سکتی ہیں۔

دہلی میں بارش کی وجہ سے ہوا کا معیار بہتر ہوا تھا۔ اتوار کی شام تقریباً 7 بجے اے کیو آئی 50 ریکارڈ کیا گیا جو کہ 'بہتر' قرار دیا جاتا ہے۔ ’سفر‘ کی پیشن گوئی کے مطابق 21 ستمبر سے دوبارہ ہوا کی رفتار میں اضافے کے ساتھ ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی۔ ایسی صورت حال میں آلودگی کی سطح بہتر یا تسلی بخش ہو سکتی ہے۔

خیال رہے کہ اے کیو آئی اگر صفر سے 50 کے درمیان ہو تو اسے بہتر، 51 سے 100 ہو تو اسے تسلی بخش، 101 سے 200 ہو تو اسے معتدل، 201 سے 300 ہو تو اسے خراب، 301 سے 400 ہو تو اسے بہت زیادہ خراب، اور 401 سے 500 شدید خراب قرار دیا جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔