دہلی کی ہوا کا معیار ہنوز 'انتہائی خراب'، کئی علاقوں کی صورت حال ابتر، ڈاکٹروں نے دیا انتباہ

ڈاکٹروں نے متنبہ کیا ہے کہ خراب درجے کی ہوا میں طویل مدت تک رہنا سانس کی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔

دہلی میں دیوالی کے بعد آلودگی کا منظر / تصویر قومی آواز / وپن
دہلی میں دیوالی کے بعد آلودگی کا منظر / تصویر قومی آواز / وپن
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی کے منگل کی صبح کو دھند کی لپیٹ میں ہونے کے سبب مجموعی ہوا کا معیار خراب ہو گیا ہے۔ سسٹم آف ایئر کوالٹی اینڈ ویدر فورکاسٹنگ اینڈ ریسرچ (ایس ایف ایف اے آر) کے مطابق منگل کی صبح شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) انتہائی خراب زمرے میں 346 ریکارڈ کیا گیا۔ منگل کو ماحول میں پی ایم 2.5 اور پی ایم 10 دونوں کا ارتکاز انتہائی ناقص زمرہ میں 346 اور ناقص زمرے میں 237 ریکارڈ کیا گیا۔

سفر کی پیشن گوئی کے مطابق بدھ کو شہر کی ہوا کا معیار مزید خراب ہو جائے گا اور اے کیو آئی انتہائی خراب زمرے میں 359 تک پہنچ جائے گا۔ خیال رہے کہ 0 اور 50 کے درمیان اے کیو آئی کو بہتر، 51 سے 100 تک اطمینان بخش، 101 سے 200 کو معتدل، 201 سے 300 کو ناقص، 301 سے 400 کو انتہائی خراب اور 401 سے 500 کو تشویشناک قرار دیا جاتا ہے۔


سفر سسٹم کے مطابق منگل کی صبح پوسا، لودھی روڈ اور متھرا روڈ کی ہوا کے معیار کا انڈیکس بالترتیب 341، 306 اور 344 انتہائی خراب زمرے میں ریکارڈ کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے متنبہ کیا ہے کہ خراب درجے کی ہوا میں طویل مدت تک رہنا سانس کی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔

تاہم، دہلی کے پڑوسی شہر نوئیڈا کا مجموعی ہوا کے معیار کا انڈیکس اس سے بھی زیادہ سنگین زمرے میں ریکارڈ کیا گیا اور ایئر کیوالٹی انڈیکس پی ایم 2.5 کی ارتکاز کے ساتھ 438 اور پی ایم 10 کی ارتکاز کے ساتھ 319 پر بالترتیب تشویش ناک اور انتہائی ناقص زمرے میں درج کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔