کورونا وائرس: دہلی-غازی آباد سرحد مکمل طور پر سیل، بارڈر پر بھیڑ میں اضافہ

سوشل میڈیا پر متعدد لوگ لکھ رہے ہیں کہ دہلی اور یوپی انتظامیہ میں کوئی ربطہ ہی نہیں ہے جس کا خمیازہ عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

غازی آباد: کورونا وائرس کے بڑھتے اثر کے پیش نظر دہلی سے غازی آباد اور غازی آباد سے دہلی کے داخلے پر منگل کی صبح سے مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اجے شنکر پانڈے نے پیر کے روز یہ حکم جاری کیا۔ منگل کی صبح بارڈر پر پہنچنے والے بیشتر افراد کو اس سخت حکم کے بارے میں پتہ نہیں تھا۔ لہذا دہلی-غازی آباد بارڈر پر اچانک بھیڑ بڑھنی شروع ہو گئی۔

ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے جاری حکم کی تشہیر عوام میں نہیں ہوسکی تھی، جس کی وجہ سے ضرورت مند افراد روزانہ کی طرح بارڈر پر پہنچنا شروع ہو گئے۔ سرحد پر پہنچنے پر پولیس نے دونوں اطراف سے آنے والوں کو روک لیا۔ دریں اثنا، سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں سڑکوں پر نظر آئیں جو جام میں پھنسی ہوئی ہیں۔


سوشل میڈیا پر متعدد لوگ لکھ رہے ہیں کہ دہلی اور یوپی انتظامیہ میں کوئی ربطہ ہی نہیں ہے جس کا خمیازہ عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ جام میں پھنسنے والے افراد میں وہ ڈاکٹر بھی ہیں جو غازی آباد یا دہلی میں رہتے ہیں اور طبی خدمات انجام دینے کے لئے ہر روز سرحد کو عبور کرتے ہیں۔

اچانک، پولیس کے ذریعے روکے جانے اور غازی آباد ضلع انتظامیہ کے ذریعہ بارڈر کو سیل کرنے کے حکم کا حوالہ دینے سے تمام لوگوں نے ناراضگی کا بھی اظہار کیا ہے۔ نیشنل ہائی وے نمبر 9 پر غازی پور بارڈر کے دونوں اطراف مسافر پولیس کے ساتھ نوک جھونک کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔


کئی مشتعل افراد ایسے بھی تھے جو اپنا کرفیو پاس بھی دکھا رہے تھے۔ اس کے بعد بھی پولیس اہلکار ان سے سرحد عبور کرنے کی مناسب وجہ پوچھ رہے تھے۔ لوگوں کو پولیس کا رویہ تو ناگوار گزر ہی رہا تھا ساتھ ہی عوام اس بات سے بھی ناراض تھے کہ سرحدیں مکمل طور پر سیل کرنے کا حکم اچانک کیوں جاری کیا گیا؟ اور اگر حکم دیا بھی تھا تو اس کی تشہیر کیوں نہیں کی؟

دہلی بارڈر پر کچھ علاقوں میں پولیس نے دونوں طرف سے آنے والے میڈیا اہلکاروں کو بھی روک لیا۔ میڈیا اہلکار اپنے آئی کارڈ بھی دکھاتے رہے، اس کے بعد بھی دہلی سے غازی آباد اور غازی آباد سے دہلی جانے والے صحافیوں کو جانے نہیں دیا گیا اور ان سے کہا گیا کہ یہ پابندی ہر ایک کے لئے ہے۔ تاہم کچھ صحافیوں کے کافی اصرار کرنے پر انہیں وارننگ کے ساتھ آگے جانے کی اجازت دی گئی۔


قابل ذکر ہے کہ غازی آباد ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ دہلی بارڈر کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ غازی آباد میڈیکل آفیسر سے موصول رپورٹ کی بنیاد پر لیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر نے ضلع انتظامیہ کو بتایا تھا کہ ضلع میں تمام 6 افراد جن کی کورونا رپورٹ پازیٹو آئی ہے، یہ سبھی دہلی سے آئے تھے۔ لہذا اشیائے ضروریہ اور ناگزیر وجوہات کو چھوڑ کر باقی تمام ٹریفک کو محدود کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Apr 2020, 3:11 PM