دہلی: یوم جمہوریہ تقریب کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری، کئی راستے رہیں گے بند

ایڈوائزری کے مطابق 25 جنوری کی رات 9 بجے سے سرحدی علاقوں میں داخلہ پر پابندی رہے گی اور صرف ضروری گاڑیوں کو ہی اجازت دی جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

دہلی پولیس نے یوم جمہوریہ تقریب کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس میں سڑکوں پر پابندیوں اور ڈائیورزن کے بارے میں رہنما اصول جاری کیے گئے ہیں۔ ایڈیشنل پولیس کمشنر (ٹریفک) ڈی کے گپتا نے بتایا کہ ہفتہ کو شام سے دہلی کی سرحدوں پر گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی رہے گی۔

ڈی کے گپتا نے کہا، "ہم نے ایک تفصیلی ٹریفک منصوبہ بنایا ہے۔ اس کے مطابق ہفتہ (25 جنوری) رات 9 بجے سے سرحدی علاقوں میں داخلہ پر پابندی رہے گی اور صرف ضروری گاڑیوں کو ہی اجازت دی جائے گی۔ یہ پابندی پریڈ ختم ہونے تک لگی رہے گی۔ اس کے علاوہ وجئے چوک سے لال قلعہ تک پریڈ راستے کی طرف جانے والی سڑکوں پر بھی پابندی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ رات 9:15 بجے کے بعد سی-ہیکساگن پر ٹریفک پر پابندی نافذ رہے گا۔

ایڈوائزری کے مطابق یوم جمہوریہ پریڈ صبح 10:30 بجے وجئے چوک سے شروع ہوگی اور لال قلعہ تک جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ وجئے چوک، کرتویہ پتھ، سی ہیکساگن، نیتاجی سبھاش چندر بوس کے مجسمہ کے چاروں طرف، تلک مارگ، بہادر شاہ ظفر مارگ، نیتاجی سبھاش مارگ اور لال قلعہ تک جائے گی۔

ہفتہ کی شام 5 بجے سے پریڈ ختم ہونے تک وجئے چوک سے انڈیا گیٹ تک کرتویہ پتھ پر کسی بھی گاڑی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہفتہ رات 10 بجے سے یوم جمہوریہ تقریب کے ختم ہونے تک رفیع مارگ، جن پتھ، مان سنگھ روڈ پر کرتویہ پتھ پر کسی بھی کراس ٹریفک کی اجازت نہیں ہوگی۔ پولیس نے کہا کہ سی-ہیکساگن سے انڈیا گیٹ اتوار کی صبح 9:15 بجے سے پریڈ کے تلک مارگ پار ہونے تک آمد و رفت کے لیے بند رہے گا۔


اتوار کی صبح 10:30 بجے سے تلک مارگ، بی ایس زیڈ مارگ اور سبھاش مارگ پر دونوں سمتوں میں آمد و رفت کی اجازت نہیں ہوگی۔ پولیس نے کہا کہ پریڈ کی نقل و حرکت کی بنیاد پر ہی کراس ٹریفک کی اجازت دی جائے گی۔ اس میں لوگوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے سفر کا منصوبہ پہلے سے بنائیں اور اپنی سہولت کے لیے صبح 9:30 بجے سے دوپہر 1 بجے تک پریڈ کے راستے سے بچیں۔

شمالی دہلی سے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن یا پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن کی طرف جانے والے لوگ پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔ پھر بھی یہ صلاح دی جاتی ہے کہ وہ اپنے سفر کا منصوبہ پہلے سے بنائیں اور ممکنہ تاخیر سے بچنے کے لیے اپنی منزل مقصود تک پہنچنے کے لیے اضافی وقت لیں۔ اتوار کو یوم جمہوریہ تقریب کے دوران سبھی اسٹیشنوں پر مسافروں کے لیے میٹرو خدمات دستیاب رہے گی۔


ایڈوائزری کے مطابق فیروز شاہ روڈ، منڈی ہاؤس کے آس پاس تک، بھگوان داس روڈ، متھرا روڈ، سبرامنیم بھارتی مارگ، ہمایوں روڈ، اے پی جے عبدالکلام مارگ، کمال اتاترک مارگ اور کوٹلیہ مارگ، مدر ٹیریسا کریسنٹ، بابا سڑک سنگھ مارگ، اشوک روڈ سے پٹیل چوک چوراہے تک، سنسد مارگ، کستوربا گاندھی مارگ سے فیروز شاہ روڈ تک کے علاقے میں اتوار کی صبح 7 بجے کے بعد کسی بھی آٹو رکشہ اور ٹیکسی کو داخل کرنے یا چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔