دہلی: پوری دنیا کو امن کا پیغام دیتا آ رہا ہے جلوس عید میلاد النبیؐ

سابق مرکزی وزیر جگدیش ٹائٹلر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ نبی پاک ﷺ کسی ایک انسان یا کسی قوم کے لئے نہیں تھے بلکہ وہ پوری انسانیت کے لئے پیغمبرؐ بناکر بھیجے گئے تھے۔

جشن عید میلاد النبیؐ
جشن عید میلاد النبیؐ
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: ہر سال کی طرح امسال بھی پرانی دہلی کے باڑہ ہندوراؤ میں عید میلا دالنبی ﷺ کے مبارک موقع پر مرکزی انجمن عید میلا دالنبی ﷺ کی جانب سے عظیم الشان جلوس باڑہ ہندو راؤ سے بڑی تزک واحتشام کے ساتھ نکالا گیا۔ اس روایتی جلوس کی روانگی سے قبل مین روڈ باڑہ ہندوراؤ میں انجمن کے سربراہ حاجی محمد احمد قریشی کی صدارت میں ایک جلسہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی و ادبی شخصیات نے کثیر تعداد میں شر کت کرکے عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد پیش کی نیزرسالت مآب ﷺ میں عقیدت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر شرکت کرتے ہوئے دہلی سرکار میں وزیر عمران حسین نے یوم ولادت ﷺکی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج بہت پاک اور مبارک دن ہے، حضورپاکﷺ کی زندگی سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، جیسے آج ملک کا ماحول ہے، ایسے میں حضورﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔  عمران حسین نے فخر کے ساتھ کہا کہ رحمت عالم ﷺ کا یوم پیدائش صرف مسلمان ہی نہیں مناتے بلکہ دیگر اقوام بھی جشن مناتے ہیں اور اُن کے پیغامات کو عام کرنا موجودہ وقت کے لئے نہایت ہی ضروری ہے۔


سابق مرکزی وزیر جگدیش ٹائٹلر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ نبی پاک ﷺ کسی ایک انسان یا کسی قوم کے لئے نہیں تھے بلکہ وہ پوری انسانیت کے لئے پیغمبر بناکر بھیجے گئے تھے، آپ ﷺ نے ہمیشہ ناانصافی اور ظلم کے خلا ف لڑائی لڑی، ان کے پیغام پر عمل پیرا ہوکر ہم خوبصورت دنیا بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم پیغمبراسلام ﷺ کی مبارک زندگی سے سبق لیں تو ہماری زندگی میں کسی طرح کی کوئی پریشانی، تشدد اور انتشار نہیں ہوگا اسی لئے ہم محمد صاحب کے بتائے ہوئے نقش قدم پر چلیں۔ ٹائٹلر نے یہ بھی کہا کہ پیغمبر اسلام نے اتحاد و محبت کا درس دیا نیز برائیوں کو جڑ سے ختم کیا ہے نیزملک میں امن وامان کے لئے حضورﷺ کے پیغام کو عام کر نے کی ضرورت بتایا۔

دہلی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر وجیندر گپتا نے عوام الناس سے زور دے کر کہا کہ آپ کوحضورﷺ کی احکامات کو اپنی زندگی میں شامل کرنا ہے، یہی ان کے لئے سچا خراج عقیدت ہوگا نیز میں امید کرتا ہوں کہ یہاں سے لوٹنے کے بعد ہم لوگ پیغمبر اسلام ﷺ کے سبق کو سیکھ کر جائیں گے اور ان کی تعلیمات کے مطابق چلیں گے۔


سابق ایم.پی اور بی جے پی اقلیتی مورچہ کے سکریٹری جنرل محمد صابر علی نے تاجدار دوعالم ﷺ کی مبارک زندگی اور تعلیمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ نے پوری دنیا کو امن، چین اور بھروسہ کا راستہ دکھایا ہے، انہی پیغامات کو عام کر نا چاہئے۔ آل انڈیا مہیلا مورچہ کی سربراہ رکھا گپتا نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے اہل وطن بالخصوص مسلمانوں کو عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد پیش کی نیز پیغمبر اسلام ﷺ کی تعلیمات پر چلنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آل انڈیا جمعیۃ القریش کے نیشنل سکریٹری مصطفی قریشی نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ نے ہمیشہ امن و بھائی چارہ کا پیغام دیا ہے، اسے عام کرنا ہی ان کے لئے سچا خراج عقیدت ہوگا۔

مصطفی قریشی نے مزید بتایا کہ یہ جلوس ہر سال پوری دنیا کو امن کا پیغام دیتا آ رہا ہے، سرکار کائنات ﷺ کا پیغام محبت اور بھائی چارہ کا ہی تھا نیز موجودہ وقت کے لئے ان تعلیمات کو عام کیا جانا بیحد ضروری ہے۔ اس دوران الحاج محمد سعید خان، حافظ محمد غفران نقشبندی، حاجی سید محمد اسلم قادری، ڈاکٹرمحمد سردارخان، محمد خالد اخترقریشی، ممتاز احمد انصاری (بھائی ببو)، سراج الدین نظامی، ضیا عاشقین قریشی، امین الدین نظامی سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔