دہلی: دیویندر یادو کی قیادت میں ’ووٹ چوری‘ کے خلاف چلائی گئی دستخط مہم، لوگ بڑھ چڑھ کر لے رہے حصہ
دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے اس بارے میں کہا کہ ووٹ چوری کے خلاف ہر ضلع میں بڑھتی ہوئی بھیڑ کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے لوگ اس مہم کا انتظار کر رہے تھے۔

نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کی قیادت میں ’ووٹ چوری‘ کے خلاف آج کراول نگر ضلع اور تلک نگر ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے دستخط مہم چلائی گئی۔ اس مہم کے تحت کانگریس کارکنان نے سڑکوں، بازاروں و رہائشی علاقوں میں گھر گھر جا کر عوام کو بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے کی جا رہی ووٹ چوری کی سازش کے بارے میں آگاہ کیا اور لوگوں سے اس کے خلاف دستخط لیے۔ اس دستخط مہم میں لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے نظر آئے۔

دستخط مہم میں یوتھ کانگریس، مہیلا کانگریس، سیوا دل، این ایس یو آئی کے علاوہ مختلف یونٹس اور محکموں کے عہدیداروں اور کارکنان نے بھی شرکت کی۔ اس دوران ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ کے نعرے بھی بلند ہوتے سنائی دیے۔ دہلی کے باشعور شہری ووٹ چوری کے خلاف اس دستخط مہم میں کھل کر سامنے آ رہے ہیں، جس سے کانگریس کارکنان کا حوصلہ بڑھ رہا ہے۔ دستخط مہم کے دوران بازاروں میں دکاندار، سڑکوں پر ریہڑی پٹری اور خوانچے والے، ٹریفک سگنلوں پر موجود مزدور سبھی آگے بڑھ کر مہم میں شامل ہو رہے ہیں اور ووٹ چوری کے خلاف اپنے دستخط سے اس تحریک کو تقویت دے رہے ہیں۔

دیویندر یادو نے اس بارے میں کہا کہ ووٹ چوری کے خلاف ہر ضلع میں بڑھتی ہوئی بھیڑ کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے لوگ اس مہم کا انتظار کر رہے تھے۔ بازاروں اور سڑکوں پر لوگ بڑے جوش و خروش سے کانگریس کارکنان کے دیے گئے پمفلٹ پر دستخط کر کے ’بی جے پی مُکت بھارت‘ بنانے کی مہم میں اپنی موجودگی درج کرا رہے ہیں۔

دستخط مہم میں دیویندر یادو کے علاوہ ضلع صدور آدیش بھارتی واج، دھرمپال چندیلا، سابق ایم ایل اے بھیشم شرما، مبصر سی پی مِتّل، رمیش سبروال، کمل کانت شرما، تصویر سولنکی، ایشور باگری، ڈاکٹر پی کے مشرا، جے پی پوار، راجیش یادو، لکشمن راوت، راجیو ورما، زیبا خان، لوکیش چودھری، منگیش تیاگی، مہیلا ضلع صدر پریا جینت، فرید شاہ، پرمود جینت، دیپک وششٹھ، پریم کمار وغہرپ شریک ہوئے۔

دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ عوامی ہیرو اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے بی جے پی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ساتھ ملی بھگت کر کے ووٹ چوری کرنے کے جن ثبوتوں کے ساتھ انکشاف کیے ہیں، اُس نے پورے ملک اور دنیا کے سامنے بی جے پی کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح بی جے پی نے کرناٹک میں ووٹ چوری کی۔ کانگریس قیادت کی ہدایت پر پورے ملک میں ووٹ چوری کے خلاف دستخطی مہم چلائی جا رہی ہے، اور دہلی میں بھی کانگریس کارکنان پوری قوت سے اس میں شامل ہیں۔ الیکشن کو منصفانہ اور شفاف طریقے سے کرانے کی جو ذمہ داری آئین سازوں نے الیکشن کمیشن کو دی تھی، اُس کا بی جے پی ناجائز استعمال کر کے ووٹ چوری کی سازش کو انجام دے رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔